|

وقتِ اشاعت :   March 22 – 2021

کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان سے اے این پی کے سینیٹر اربا ب عمر فاروق کاسی پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں، چیئر مین سینیٹ کے انتخاب میں بھی پی ڈی ایم کے امیدوار کو ووٹ دیا صوبائی حکومت کی کارکردگی سے 100فیصد مطمئن نہیں البتہ اے این پی عوامی خدمت کا مشن جاری رکھتے ہوئے ہے۔

پارٹی میں سیاسی، قبائلی اور سماجی شخصیات کی شمولیت سے جلد ہی پارٹی پشتون بیلٹ میں موثر سیاسی قوت بن کر ابھرے گی،یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں حاجی عبدالغفار کدیزئی کی اے این پی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفر نس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، رشید خان ناصر،عطاء گل حمزہ زئی، ڈاکٹر عیسیٰ خان جوگیزئی ودیگر بھی موجود تھے۔

اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پی ڈی ایم کا حصہ ہے صوبے سے منتخب سینیٹر ارباب عمر فاروق کاسی بھی پی ڈی ایم کا حصہ اور ساتھ ہیں انہوں نے چیئر مین سینیٹ کے انتخاب میں بھی پی ڈی ایم امیدوار کو وٹ دیا انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخاب میں عوامی نیشنل پارٹی نے پارٹی آئین کے طریقہ کار کے مطابق امیدوار کا فیصلہ کیا اور اپنی اتحادی جماعت کو وعدہ پورا کرنے پر قائل کیا۔

ان پر واضح کیا کہ وہ اپنی کمٹمنٹ پوری کریں بصورت دیگر اے این پی اپنا سیاسی فیصلہ کرنے میں آزاد ہوگی یہی وجہ ہے کہ جس جماعت کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ وہ متحد نہیں ہوگی ہم نے انہیں بھی متحد کیا اور اپنا سینیٹر منتخب کروایا جبکہ اپوزیشن کے جو ووٹ ادھر ادھر ہوئے اسکا اب تک انہوں نے کوئی حساب نہیں کیا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے روز اول سے سسٹم اور پارلیمنٹ کے اندر رہتے ہوئے۔

جمہوریت اور مسائل کے حل کی جنگ لڑنے کو ترجیح دی ہے انکا استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ یو ٹرن نہیں ہے اگر پیپلز پارٹی کا موقف نہ ہوتا تو شاید پی ڈی ایم کب کی کسی اور راستے پر چل پڑتی پیپلز پارٹی کے موقف پر ہی سینیٹ اور ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا گیا انہوں نے کہا کہ پشتون بیلٹ میں اے این پی کے حق میں حالات تبدیل ہورہے ہیں پارٹی میں سیاسی، قبائلی اور سماجی رہنماؤں کی شرکت سے ہم مضبوط جماعت بن کر ابھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومتی کارکردگی سے 100فیصد مطمئن نہیں ہیں البتہ ہم حکومت میں رہتے ہوئے اپنا بھر پور رکردار ادا کرتے ہوئے عوامی خدمت کر رہے ہیں تاکہ کل جب ہم عوام کی عدالت میں جائیں تو انہیں جوابدہ ہوں انہوں نے کہا کہ عبدالغفار کدیزئی کی پارٹی میں شمولیت خوش آئند ہے پارٹی ژوب ڈویژن اور ضلع لورالائی میں مضبوط اور مستحکم ہورہی ہے۔

اس موقع پر حاجی عبدالغفار کدیزئی نے کہا کہ وہ تین سال قبل سرکای ملازمت سے ریٹائر ہوئے جس کے بعد انہوں نے مختلف جماعتوں کے نظریات اور منشور کا مطالعہ اور مشاہدہ کیا جس کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ اے این پی نے نہ صرف قربانیاں دیں بلکہ وہ اصولوں پر قائم رہنے اور معروضی حالات کے مطابق عوام کے مفاد میں فیصلے کرنے والی جماعت ہے جس میں وہ آج باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرتے ہیں۔