|

وقتِ اشاعت :   March 22 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ قرار داد پاکستان دنیا کی تاریخ کا ایک بہت بڑا واقعہ ہے جب بر صغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے الگ وطن کا مطالبہ کیا جہاں وہ آزادی سے اپنی زندگی بسر کریں، یہی قرار داد قیام پاکستان کی بنیاد بنی جو آج دنیا میں اہم مقام رکھتا ہے۔

23 مارچ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے، ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے، بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا تقریباً نصف اور قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے،جس کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت بے شمار اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے صوبے میں تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں جن کے ثمرات محسوس کئے جا سکتے ہیں۔

قیام پاکستان کے مقاصد اسی وقت حاصل کئے جا سکتے ہیں جب ہم ملک کوعلامہ اقبال کے خوابوں اور قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق ترقی یافتہ، خوشحال اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ممالک کی صفوں میں شامل کر یں۔