|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی ، استحکام اور ملکی سلامتی کا تحفظ وقت کا اہم ترین تقاضا اور ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے کیلئے ہمیں بانی ء پاکستان کے فرمان اتحاد، تنظیم اور یقین محکم پر دل و جان سے عمل کرنا ہے پوری قوم کو پاکستان کی ترقی، خوشحالی، وقار، عزت اورغیرت کی بحالی کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

مسلم لیگ(ن) ہی وہ جماعت ہے جو پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو صوبے کے مختلف اضلاع میں یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ جمال شاہ کاکاکڑ نے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے قومی دن عزت و احترام سے مناتی ہیںپاکستان کی بدولت ہی آج ہم شان و شوکت سے رہ رہے ہیں۔

ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان علامہ اقبال کے خواب کی تصویر ہے ،قرار داد پاکستان میں پہلی بار مسلمانوں کے الگ وطن کا مطالبہ کیا گیا،قائداعظم کی قیادت میں مسلمانوں نے بے سرو سامانی میں سات سال کی مدت میں ملک حاصل کر لیا،بیلٹ اور ووٹ کی طاقت سے اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدلاگیا۔

پاکستان کے خمیر میں بلٹ نہیں ہے بیلٹ ہے ،ووٹ کوعزت نہ دینے کی وجہ سے پاکستان آج بحرانوں کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے وژن پر چلتے ہوئے مسلم لیگ(ن) نے سی پیک سمیت دیگر میگا منصوبے بنائے ،دہشت گردی ختم کی ،پانچ اعشاریہ آٹھ فیصد ترقی تھی لیکن آج عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے ، بیروزگاری ہے۔

مزدور کسان طالبعلم سب پریشان ہیں،طالبعلموں کے وظائف بند کر دئیے گئے ہیں کشمیر کا مسئلہ گھمبیر ہوتا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت کے حامل ملک کو ترقی دینی ہے۔

تو یہ تب ہی ہوگا جب عوام کے ووٹ کو عزت ملے گی انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) موجودہ حکومت کا خاتمہ کریگی اور عوام کی طاقت سے بر سراقتدار آکر ملک کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کریگی ۔