کراچی /کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ‘ مرکزی سیکرٹری اطلاعات ایم این اے آغا حسن بلوچ ‘ مرکزی رہنماء واجہ جہانزیب بلوچ ‘ عبدالروف مینگل نے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ پی ڈی ایم کے سامنے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے مسئلے کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
تاکہ پی ڈی ایم متفقہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر لا سکے اس حوالے سے بی این پی کے قائد سردار اختر جان مینگل نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا اور تفصیلاً گفتگو کی تاکہ مسئلے کو احسن طریقے سے حل کیا جائے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے بھی اس حوالے سے بات کریں گے تاکہ معاملہ کو خوش اسلوبی سے بہتری کی جانب گامزن کیا جا سکے۔
پی ڈی ایم سیاسی قوت ہے جو آئین کی بالادستی ‘ جمہوریت کے فروغ ‘ سیاست میں مداخلت کی پالیسیوں کے خاتمے کی جدوجہد کر رہی ہے اب ہمارے سامنے پی ڈی ایم کا اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنانے کیلئے تمام سیاسی قوتیں اپنا مثبت سیاسی کردار ادا کریں تب ہی جا کر موجودہ نااہل حکمرانوں سے چھٹکارا مل سکے گا انہوں نے کہا کہ اتحاد کو مضبوط بنانے کیلئے ایک دوسرے کے احترام لازم و ملزوم ہے ۔
چھوٹی چھوٹی چیزوں کی اگر قربانیاں دینی پڑیں گی تو پیچھے نہ رہا جائے تب جا کر حقیقی جمہوریت ‘ پارلیمنٹ کا استحکام ‘ آئین و بالادستی ممکن ہو سکے گی ملک میں جمہوری ادارے استحکام حاصل کر سکیں گے مثبت سیاست اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ہی تمام چیزیں ممکن ہو سکیں گی باہمی رشتوں اور احترام کو مد نظر رکھ کر سیاست کو فروغ دیں جو پی ڈی ایم کے وسیع تر مفادات کیلئے نیک شگون ثابت ہو گا۔