|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2021

کوئٹہ: وائس فور بلوچ مسنگ پرسنزنصراللہ بلوچ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے لواحقین گزشتہ بارہ سال سے انصاف کے حصول کیلئے آواز بلند کررہے ہیں گزشتہ 73 سال سے ملک پر برسراقتدار جماعتوں کے سربراہان اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ بلوچستان کیساتھ ظلم وزیادتی ہوئی ہے۔

مگر اس کا ازالہ نہیں کیا جارہا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام خضدار سے لاپتہ مشتاق بلوچ ، کبیر بلوچ ، عطاء اللہ بلوچ سمیت دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیراہتمام ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے لاپتہ افراد کے لواحقین سے ملاقات میں اس با ت کا اعتراف کیا تھا کہ بلوچستان میں گمشدگیاں ہوئی ہیں موجودہ حکومت اس حوالے سے قانون سازی کررہی ہے۔

لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے گا تاہم آج بھی لاپتہ افراد کے اہلخانہ اس انتظار میں ہیں کہ ان کے پیارے کب بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو لوٹیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے۔