تربت: آل پارٹیز کیچ کا اجلاس ہفتے کی شام کنوینر غلام یاسین بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت اتحاد میں شامل تنظیموں کے نمائندے شریک تھے، اجلاس کے ایجنڈے پر کیسکو کے خلاف موثر احتجاج اور ضلع کیچ میں چوری و ڈکیتی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آل پارٹیز کے رہنماؤں نے ضلع کیچ میں کیسکو کی طرف سے عوام کو ہراساں کرنے اور غیر قانونی طورپر ایک ڈیفالٹر کے بہانے پوری فیڈر بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اس کا براہ راست زمہ دار ایس ای کیسکو کو قرار دیتے ہوئے بہت جلد منظم احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا، سیاسی رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ ایس ای کیسکو مکران سرکل جب سے آئے ہیں ۔
پورے ڈویڑن خصوصاً ضلع کیچ میں بجلی کے حوالے سے ایک بحران نے جنم لیا ہے، ہر روز کسی نہ کسی علاقے میں ایس ای کی زیادتی کے خلاف عوامی احتجاج ہورہا ہے، اس رویے کے سبب اگر عوام مشتعل ہوگئے تو اس کا براہ راست زمہ دار ایس ای کیسکو مکران سرکل ہوگا، انہوں نے کہا کہ اگر ضلع کیچ میں بجلی کی صورت حال بہتر نہیں بنائی گئی تو رمضان سے پہلے ایک منظم عوامی تحریک کا آغاز کریں گے۔
آل پارٹیز کے رہنماؤں نے ضلع کیچ امن و امان کی صورت حال پر گہری تشویش ظاہرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ایک بار پھر بد امنی پیدا ہوئی ہے، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جو تشویش کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ بد امنی میں وہی لوگ ملوث ہیں جو مسلح ہیں ان میں سے اکثریت سرنڈر شدہ لوگوں کی ہے، انہوں کہاکہ انتظامیہ فوری طور پر امن و امان کے معاملے میں سنجیدہ اقدام اٹھاکر عدم تحفظ کا احساس دور کردے ورنہ آل پارٹیز مذید اس پر خاموش نہیں رہے گی۔