کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاہے کہ بلوچستان اس وقت گھمبیر صورتحال سے دوچار ہے وسائل کم اور مسائل زیادہ ہوتے جارہے ہیں سرکاری ملازمین اور زمیندار سراپا احتجاج ہیں صوبائی حکومت کی مالی پوزیشن ایسی نہیں کہ وہ سرکاری ملازمین اور زمینداروں کے جائز مطالبات کو فوری طورپر تسلیم کرلے لہذا وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ جام حکومت کو بھرپور سپورٹ کرے۔
اورمالی تعاون کرکے اس گھمبیر صورتحال سے نکالے ان خیالات کا اظہارانہوںنے کوئٹہ میں اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کرنے والے پارٹی کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث اربوں روپے لیپس اور سرنڈرہوئے سرنڈر کئے جانے والے پیسے بھی دوبارہ بلوچستان کو نہیں ملے۔
جس کی وجہ سے یہاں صورتحال گھمبیر ہوئی وزیراعلی جام کمال کو یہ تمام مسائل ورثے میں ملے اس کے باوجود انہوںنے اپنے وژن کے تحت بلوچستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے اور اب بھی وہ صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود اور ترقی وخوشحالی کیلئے کوشاں ہیں لیکن وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں کورونا کی وبانے جس طرح پوری دنیا کو متاثر کیا ۔
اسکے اثرات پاکستان میں بھی زیادہ ہوئے بلوچستان میں جام حکومت پہلے بھی کرونا وائرس سے نبردآزماتھی اور آج بھی ہے ٹڈی دل نے بلوچستان جوکہ زیادہ تر زراعت پر انحصار کرتاہے کوتباہ وبرباد کیا فصلیں اور باغات کو ٹڈی دل نے بلڈوزکیاباقی کسر بجلی نے پوری کردی جس سے بلوچستان کا زمیندار طبقہ نان شبینہ کا محتاج ہو کر رہ گیاہے جام حکومت نے بارہا ۔
عمران حکومت کی توجہ اس طرف مبذول کرائی لیکن کوئی رسپانس نہ آنے کی وجہ سے آج زمیندار طبقہ بھی احتجاج پر نکل پڑاہے اسی طرح سرکاری ملازمین بھی 25فیصدتنخواہوں میں اضافے کیلئے سراپا احتجاج ہیں سرکاری ملازمین اور زمینداروں کے جائز مطالبات ہیں لیکن صوبائی حکومت کی مالی پوزیشن ایسی نہیںکہ وہ ان جائز مطالبات کو فورا تسلیم کرے لہذا میری وفاقی حکومت سے یہ اپیل ہے کہ وہ جام حکومت کی مالی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے فورا مالی پیکج کا اعلان کرے۔
اور جام حکومت کو ہر سطح پر اسی طرح سپورٹ کرے جس طرح ایک اتحادی کے ناطے جام کمال بحران میں عمران خان حکومت کو سپورٹ کرتے ہیں انہوںنے مزید کہاکہ بلوچستان میں بے روزگاری انتہاکو پہنچ گئی ہے ایرانی سرحد کورونا کے باعث بند ہے عرب امارات اور سعودی عرب میں بھی محنت مزدوری کیلئے جانے والے پاکستانیوں کو نکال دیاگیاہے ایسے حالات میںوفاقی حکومت کو اقدامات کرنے ہونگے۔
ورنہ بے روزگاری اور غربت کا یہ سیلاب عمران خان حکومت کیلئے سنبھالنا مشکل ہوگاعمران حکومت اپنی شاہ خرچیوں اور وزراکی تعداد کو کم کرکے ، غیر ترقیاتی اخراجات کو ختم کرکے کفایت شعاری کو اپنائے، بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے عوامی پیکج ترتیب دے انہوںنے جام حکومت پر متحدہ اپوزیشن کی بے جا تنقید پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آج حکومت جن مسائل سے دوچار ہے۔
وہ انہی کے پید کردہ ہیں ماضی میں ان لوگوں نے تھال میں کھایاہے میری ان سے گزارش ہے کہ اب وہ پلیٹ میں کھانے میںاکتفاکریں اور گزارہ کریں بلوچستان کو ان گھمبیر حالات سے نکالنے کیلئے وزیراعلی جام کمال کے ہاتھ مضبوط کریں اور ملک میں جمہوری ٹرین کو صحیح ٹریک پر ڈالنے کیلئے اپنا کلیدی کردارادا کریں ورنہ بلوچستان کے غیور عوام انہیں اس غیر جمہوری رویہ پر کبھی معاف نہیں کرینگے۔