کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ گوادر کو جنوبی بلوچستان کا دارالحکومت بنانے کی سازش کرکے صوبے میں ایک اور سورش کو جنم دیا جارہا ہے بلوچ قوم و سیاسی کارکن صوبے کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے ۔ صوبے میں جمہوری طریقے سے اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کرنے والوں کو اس راہ پر نا دھکیلا جائے جس سے واپسی ممکن نہ ہو۔
جمعرات کے روز اپنے جاری ایک بیان میں شکیلہ نوید دہوار نے بلوچستان حکومت کی جانب سے گوادر کو جنوبی بلوچستان کا دارالحکومت بنانے کے لئے گوادر میں سرکاری ریسٹ ہاس کرائے پر لینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کو شمالی اور جنوبی بلوچستان میں تقسیم کر کے سورش کو جنم دے رہی ہے جسکے مستقبل میں انتہائی خطرناک نتائج سامنے آئیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان ہزاروں سالوں سے بلوچوں کا مسکن رہا ہے بلوچ قوم کسی کو اجازت نہیں دینگے کو وہ صوبے کے جغرافیے سے کھلواڑ کریں۔ سلیکٹڈ حکومت نے اپنے سلیکٹرز کے مفادات کے تحفظ کیلئے صوبے کو تقسیم کرنے کی سازش کی تو اس کے خلاف شدید عوامی ردعمل اور مزاحمت سامنے آئے گی۔
جسے روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں جمہوری طریقے سے اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کرنے والوں کو اس راہ پر نا دھکیلا جائے جس سے واپسی ممکن نہ ہو۔