کوئٹہ: پاک ایران سرحدی علاقے ماشکیل کے قبائلی و سیاسی رہنماء میر احسان اللہ ریکی نے اپیل کی ہے کہ ماشکیل زیروپوائنٹ پر چھوٹی گاڑیوں کو سامان لانے کی اجازت دی جائے۔
بصورت دیگر دالبندین تفتان شاہراہ کو بلاک کرکے غیر معینہ مدت تک دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ ماشکیل زیرو پوائنٹ پر مبینہ طور پر دو گروپوں کا قبضہ ہے جو غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو کاروبار نہیں کرنے دے رہے ۔ انہوں نے کہاکہ زیرو پوائنٹ پر صرف بڑی گاڑیوں کو سامان لانے کی اجازت دی جارہی ہے۔
اس لئے متعلقہ حکام زیر پوائنٹ پر مقامی افراد کو چھوٹا موٹا سامان لانے کی اجازت دے تاکہ وہ اپنے بال بچوں کی پیٹ پال سکے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ان کے اس مطالبے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو وہ دالبندین تفتان روڈ غیر معینہ مدت تک بند کرکے دھرنا دیں گے ۔