کوئٹہ : چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ کی زیر صدارت منگل کے روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے سیکورٹی اتنظامات کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں آئی جی پولیس عملش خان سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن قمبر دشتی، سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ داؤد خان خلجی نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ سینٹ کے انتخابات 5مارچ کو صوبائی اسمبلی میں منعقد ہوں گے جن میں پولنگ صبح9بجے سے شام 4بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے جن میں اے ٹی ایف ، ایف سی، پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر صرف تین افراد جاسکیں گے جن میں امیدوار، ووٹر اور پولنگ ایجنٹ ہیں اور انتخابات کی کاوریج کیلئے صحافیوں کیلئے علیحدہ جگہ مختص کی جائے گی انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے دوران امیدواروں کو ذاتی گارڈ اور اسلحہ اپنے ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اہم مقامات پر اے ٹی ایف کے اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ پولیس اور ایف سی کے اہلکار بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج سی سی پی او کوئٹہ ،اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی سے ملاقات کریں گے اور سیکورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ چیف سیکرٹری نے سیکورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام انتظامات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔