|

وقتِ اشاعت :   April 2 – 2021

کوئٹہ: کوئٹہ کے سیاسی ومذہبی جماعتوں نے احترام رمضان کے آرڈیننس پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کرانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ماہ رمضان میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ تمام عبادات جاری رکھے جائیں گے،رمضان المبارک کا مہینہ برکتوں والا مہینہ ہے منبرومحراب کے ساتھ حکومت بھی سماجی برائیوں کے خلاف اقدامات اٹھائیں،رمضان ٹرانسمیشن میں ہر مسلک سے تعلق رکھنے والے علماء کو بلایاجائے۔

ان خیالات کااظہار جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق نے جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام احترام رمضان کے سلسلے میں دینی، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران کا مشترکہ اجلاس کے بعد عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مولانا انوار الحق حقانی، مجلس وحدت المسلمین کے علامہ ہاشم موسوی، جمعیت علماء پاکستان کے علامہ محمد عباس قادری،مرکزی اہل حدیث کے شیخ ذکریا۔

حافظ حسین احمد شرودی،مفتی نیک محمدودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مولانا مفتی محمد روزی خان مولانا خورشید احمد حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا قاری نصیرالدین سواتی حافظ مسعود احمد سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ مفتی عبدالغفور مدنی حافظ سردار محمد حاجی صالح محمد،مولانا محمد عارف شمشیر ملک نصیر احمد ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔

مولانا عبدالرحمن رفیق نے کہا کہ احترام رمضان کے سلسلے میں مذہبی جماعتوں کا اجلاس ہرسال کی طرح اس سال بھی منعقد کیاگیا پچھلے سال کے اجلاس میں دو ایجنڈے عالمی وبا اور احترام رمضان زیر بحث آئے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے، اجلاس میں مختلف امور پرتبادلہ خیال کیاگیا،انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت کی جانب سے احترام رمضان آرڈیننس جاری ہوا تھا۔

اس پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کیا جائے ہم سمجھتے ہیں کہ منبرو محراب کے ساتھ قانون بھی ضروری ہے انتظامیہ قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ تمام مساجد، مدارس کے ذریعے ہم امن،رواداری کاپیغام دیتے ہیں انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی کا سیلاب ہے ہر شخص گھر کا چولہا جلانے کیلئے پریشان ہیں بدقسمتی سے ملک میں ماہ رمضان کے دوران مصنوعی مہنگائی کرکے لوگ ناجائز منافع خوری کرتے ہیں۔

حالانکہ رمضان المبارک برکتوں والا مہینہ ہیں لوگ رمضان کو ہمدردی کا مہینہ بنائیں اور اس مہینے میں قرب آلہی کا جذبہ پیدا کرے،انہوں نے علماء اسلام سے اپیل کی کہ وہ منبر ومحراب کے ذریعے سماجی برائیوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں بالخصوص کوئٹہ شہر میں بے حیائی،منشیات کااستعمال بڑھ گیاہے جس میں چرس،ہیروئن،کرسٹل اور شراب نوشی شامل ہیں اس سے اجتناب کیاجائے۔

ہرمومن مسلمان خود بھی اس لعنت سے بچیں اور اپنے بچوں اور دیگر کو بھی اس لعنت سے بچائیں،اس سلسلے میں انتظامیہ سے اپیل ہے کہ وہ منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائیں،انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں ہر سال موسم گرما میں دیگر علاقوں سے خواجہ سرا بڑی تعداد میں آتے ہیں جو کوئلہ پھاٹک پرکھڑے ہوتے ہیں جو بے روی کی سرعام دعوت دیتے ہیں۔

اس سے معاشرہ بے حیائی اور بے رہ روی کی طرف جارہاہے انتظامیہ اس کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائیں،انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں ہرمسلک کے ممتاز علماء اکرام موجود ہیں انہی کو بلاکر دینی مسائل پر بات کرائیں رمضان ٹرانسمیشن میں بلا کر ان سے رمضان المبارک اور دیگر دینی موضوعات پر بات کرائی جاتی ہے اس کی ہم بھرپور مخالفت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک عبادت کا مہینہ ہے نوجوان بے رہ روی کا شکار ہو رہے ہیں افطار کے بعد سحری تک سڑکوں پر بیٹھ کر وقت ضائع کرتے ہیں والدین اپنے بچوں نوجوانوں کو اس طرح کے کاموں سے روکیں اور رمضان المبارک کے مہینے میں قرآن پاک کی تلاوت اور دیگر عبادات کاپابند بنائیں تاکہ دنیا وآخرت محفوظ ہوں۔