کوئٹہ: مشیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ 17 سال بعد بلوچستان میں ہاکی کے میگا ایونٹ کا انعقاد صوبائی حکومت کی کامیابی ہے موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں تمام شعبوں کو ترقی دینے کے لیے کوشاں ہے خصوصا نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مختلف ایونٹس کا انعقادجیسے صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا۔
انہوں نے ٹورنامنٹ کے فاتح ٹیم پاکستان واپڈا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں شریک پاکستان بھر سے آئے ہوئے ہاکی کے کھلاڑیوں، سیکرٹری سپورٹس میر عمران گچکی، ڈائریکٹر جنرل کھیل درا بلوچ،ڈائریکٹر یوتھ افئیرز حاجی اعجاز احمد، ہاکی ایسوسی ایشن, ٹو رنامنٹ انتظامیہ اور محکمہ سپورٹس کو کامیاب اور تاریخی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلی بلوچستان آل پاکستان ہاکی گولڈ کپ ٹورنامنٹ کے فائنل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے ایک توانا اور صحت مند معاشرے کا قیام ممکن ہو پاتا ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بلوچستان بھر میں مختلف مواقع پر کھیلوں کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت انڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں کی فروغ کے لیے بلوچستان کے تمام اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کر رہی ہے صوبائی مشیر نے کہا کہ اسپورٹس کے میگا ایونٹ کے انعقاد سے یہ بات واضح ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان کے قیام میں کامیاب ہوئی ہے امن و امان کے قیام کے لیے بلوچستان کے عوام، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں آخر کار رنگ لے آئی۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک بھر میں امن وامان کی فضا کو اسی طرح برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ ہر صوبے میں بسنے والے تمام سیاسی، لسانی، مذہبی پارٹیوں اور رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ شرپسند اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے آپس میں اتحاد و یکجہتی اور یگانگت کا مظاہرہ کریں صوبائی مشیر کا مزید کہنا تھا کہ کرونا کی تیسری لہر شدت اختیار کرنے کا خطرہ ہے۔
جس کی وجہ سے صوبائی حکومت احتیاطی تدابیر اپنا چکی ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کرونا کی تیسری لہر کے خلاف تمام احتیاطی تدابیر کو لازمی طور پر اپنائے تاکہ کرونا کے باعث ممکنہ جانی نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت کرونا کے گزشتہ دو لہروں کی طرح تیسری لہر سے بھی کامیابی سے نبرد آزما ہو گی صوبائی مشیر نے کہا کہ کرونا کی تیسری لہر کے بعد صوبے بھر میں سپورٹس کے انڈور اور آؤٹ ڈور ٹورنامنٹس شروع کیے جائیں گے۔
انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ انسداد کرونا وائرس کے لئے معاشرے میں اپنا کردار ادا کریں تقریب کے آخر میں صوبائی مشیر نیآل پاکستان وزیراعلی بلوچستان ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات بھی تقسیم کیے۔