|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2015

نیپیئر: پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 129 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے گروپ ’’بی‘‘ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ کے شہر نیپئیر کے میکلین پارک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے یو اے ای کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور ناصر جمشید نے اننگ کا آغاز کیا لیکن ناصر جمشید ایک بار پھر بری طرح ناکام رہے اور 12 گیندوں پر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد حارث سہیل نے احمد شہزاد کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 170 رنز تک پہنچا دیا، حارث سہیل 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ 176 کے مجموعے پراحمد شہزاد بھی 93 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ کپتان مصباح الحق نے ٹورنامنٹ کی تیسری ففٹی اسکور کی اور وہ 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ صہیب مقصود 45 جب کہ  عمر اکمل 19 رنز بنا کر بنائے۔ شاہد آفریدی نے صرف 7 گیندوں پر 21 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ یو اے ای کی جانب سے منجولا گروجی نے 4 جب کہ محمد نوید نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم 340 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر210 رنز بنا سکی، بیٹنگ کے بعد بولنگ کے شعبے میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اننگز کے آغاز سے ہی یو اے ای کے بلے بازوں کے گرد شکنجہ کسے رکھا جس کے باعث حریف ٹیم کے بلے باز کھل کر نہ کھیل سکے اور رنز جوڑنے کی کوشش میں وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے، متحدہ عرب امارات کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے شیمان انور تھے جنہوں نے 88 گیندوں میں 62 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ خرم خان 43 رنز بنا کو دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں امجد علی 14، اندری بیرینجر 2، ساپنی پٹیل 36 اور امجد جاوید 40 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے سہیل خان، شاہد آفریدی اور وہاب ریاض نے 2،2 جب کہ راحت علی اور صہیب مقصود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بہترین بلے بازی پر احمد شہزاد کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔ میچ کے بعد قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ آج کے میچ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہیں تاہم جنوبی افریقا کے خلاف اگلا میچ بھی اہم ہے جس میں کامیابی کے لئے ہمیں مزید محنت کرنی ہوگی۔