کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ ،مرکزی کمیٹی کے ممبرغلام نبی مری نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت جامعہ بلوچستان کو مالی طور پر دیوالیہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اساتذہ اور دیگر ملازمین کے الائونسز میں کٹوتی کی جارہی ہے۔
بلکہ ہائوس ریکوزیشن سمیت دیگر کے بغیر تنخواہیں دی جارہی ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان کے 1996ایکٹ میں سازش کے تحت ترامیم کی کوشش ناکام بنائینگے غلط پالیسیوں کرپشن اور اقرباء پروری کی وجہ سے جامعہ بلوچستان مالی بحران سے دو چار ہے بد قسمتی سے بلوچستان کے تعلیمی اداروں بالخصوص جامعات میں من پسند افراد کو بڑے عہدوں سے نوازا جاتا ہے۔
اور پھر جامعات میں طلباء کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی جامعہ بلوچستان کے اساتذہ آفیسران اور ملازمین کی جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ملازمین کو ان کے تنخواہیں مکمل ادا کی جائیں نا اہلی کی وجہ سے آج بلوچستان میں تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دینے والی جامعہ بلوچستان مالی بحران سے دو چار ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جامعہ کے اساتذہ،ملازمین اور دیگر کوفوری طور پر تنخواہوں کی دائیگی،یوٹیلٹی ودیگر الائونسز سمیت دیگر مسائل حل کئے جائیں اگر یونیورسٹی ایکٹ میں ترامیم کی کوشش کی گئی تو ہم ملازمین کے ساتھ ملکر احتجاج پر مجبور ہونگے ۔