کوئٹہ:پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہاہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دیگر صوبوں جیسی تشویشناک نہیں ہے تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو قینی بنایاجارہا ہے ۔
ہم چاہتے ہیں کہ تعلیمی سلسلہ چلتا رہے اگر کوئی مشکل ہوئی تو پھر اداروں کی بندش پر غور کیا جاسکتا ہے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ میں این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سردار یار محمد رند نے کہاکہ این سی او سی اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں کورونا کی صورتحال میں اسکول بند کرنے کے حوالے سے اختیار صوبوں کو دے دیاگیاہے۔
بلوچستان میں کورونا کی صورتحال ا س وقت دیگر صوبوں کی نسبت بہتر ہے کورونا کے مثبت کیسز کی شر ح میں کمی ہورہی ہے وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبہ کے تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہاہے سردست کوئی پریشانی نہیں ہے ۔
بلوچستان میں میٹرک،انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات شیڈ و ل کے مطابق ہوں گے انھوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں اگر کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا تو وہ اسکول بند کردیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مثبت کیسز کی شرح میں کمی ہورہی ہے۔