کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈروصوبائی وزیرتعلیم سرداریارمحمدرند سے بلوچستان ایمپلائزاینڈ ورکرزگرینڈ الائنس کے رہنمائوں کی ملاقات ،سرداریارمحمدرند نے ملازمین کے مطالبات سے متعلق وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کرنے اور معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم سرداریارمحمدرند سے بلوچستان ایمپلائزاینڈ ورکرزگرینڈ الائنس کے رہنمائوں عبدالمالک کاکڑ ۔
حبیب الرحمن مردان زئی ،داد محمد بلوچ ،یونس کاکڑ ودیگر کی قیادت میں ملازمین کے وفد نے ملاقات کی ،ملاقات میں دھرنے کے منتظمین نے صوبائی وزیر تعلیم کو اپنے مطالبات سے متعلق آگاہ کیا اورکہاکہ وفاقی حکومت کے طرز پر وعدے کے مطابق بلوچستان کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصد اضافہ اور دیگر مطالبات تسلیم کئے جائیں ۔
اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سرداریارمحمد رند نے یقین دہانی کرائی کہ وہ سرکاری ملازمین کے مطالبات سے متعلق وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کرینگے اور تمام معاملات کو افہام وتفہیم کے ذریعے حل کرینگے ملازمین صوبے کی ترقی میں اہم کرداراداکررہے ہیں ان کے مسائل کے حل سے ہی صوبے میں دیگر امورخوش اسلوبی سے حل ہوسکیںگے ۔