کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال، پارلیمانی سیکرٹری وومن ڈیویلپمنٹ محترمہ ماہ جبین شیران اور وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر میرعبدالروف رند نے یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکیج، علاقے کے مسائل، تعلیم، صحت سمیت مکران کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے اور بارڈر ایریاز میں عوام کو درپیش مشکلات کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں مکران سڑکوں کی ترقی، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور ضلع کیچ میں منعقد ہونے والے بی اے پی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی بلوچستان ترقیاتی پروگرام کے تحت 9 اضلاع میں صحت، تعلیم، پبلک ہیلتھ انفرااسٹرکچر اور سڑکوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔پیکج کے تحت 16 نئے ڈیمز تعمیر کرنے کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔
ایگرو مارکیٹس کی ترقی اور ای کامرس کے ذریعے لائیو اسٹاک مارکیٹوں کو ملک کی دیگر بڑی مارکیٹوں سے منسلک کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ صوبے کے تمام علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دی جائے گی۔ پہلی بار وفاق سے بلوچستان کے علاقوں کے لیے میگا پراجیکٹس لائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اتنے بڑے پیمانے پر عوام اور علاقوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے جامع اور مؤثر منصوبہ بندی کے ساتھ ترقیاتی عمل کا آغاز ہوا ہے اور ان تمام منصوبوں کے فوائد جلد از جلد بلوچستان کے عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ مکران کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان سے صوبائی وزیر مٹھا خان کاکڑ، پارلیمانی سیکرٹری میر سکندر عمرانی، میر طارق کھیتران اور رکن قومی اسمبلی محترمہ منورہ منیر نے بھی وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔