کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے ہمیشہ آزاد اور فعال میڈیا کی حمایت اور حوصلہ افضائی کی ہے آزاد میڈیا کا قیام جمہوریت کے پنپنے کے لئے لازم و ملزوم ہے موجود ہ حکومت نے میڈیا کر غیر اعلانیہ سنسر شپ اور صحافیوںکا معاشی قتل عام شروع کررکھا ہے جسکی مذمت اور مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں نومنتخب صدر عبدالخالق رند، جنرل سیکرٹری بنارس خان سمیت کابینہ کے ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ملک ظاہر خان کاکڑ، نصیر خان اچکزئی، شاکر محمد حسنی، حاجی وارث خان، عبدالوہاب اٹل، آصف ایڈوکیٹ، عرفان کاکڑ بھی موجود تھے، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی میں فعال اور آزاد میڈیا کا اہم کردار ہے معاشرے کی بہتری کے لئے ضروری ہے کہ میڈیا اپنا کام مکمل آزادی کیساتھ کرے۔
مگر موجودہ حکومت نے دیگر شعبوں کی طرح میڈیا کا بھی استحصال کیا ہے آج پریس پر غیر اعلانیہ سنسر شپ عائد ہے صحافیوں اور میڈیا اداروں کو حقیقت بیان کرنے پر انکا معاشی قتل کیا جارہا ہے موجودہ دور میں میڈیا انڈسٹری بہتری کی بجائے زبوں حالی کا شکار ہے معاشرے کے ہر طبقے کی طرح صحافی بھی اپنے حقوق کے لئے سراپا احتجاج ہیں۔
مگر انکی سننے والا کوئی نہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور میاں نوا زشریف نے ہمیشہ تنقید کو مثبت انداز میں لیا اور اپنی کارکردگی کی بہتری میں میڈیا کے کردار کو فراموش نہیں کیا اور نہ ہی کبھی میڈیا کے کام میں مداخلت کی یہی وجہ ہے کہ عوام کیساتھ ساتھ میڈیا بھی آج مسلم لیگ(ن) اور میاں نواز شریف کی قدر کرتا ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ آزادی صحافت کا علم بلند کیا۔
اور آئندہ بھی صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی کوئٹہ پریس کلب کی کابینہ میں عامل صحافیوں کے انتخاب سے بلوچستان کی جمہوری روایات کو مزید تقویت ملی ہے امید ہے نو منتخب کابینہ نہ صرف پریس کلب بلکہ پوری صحافی برداری اور بلوچستا ن کے جملہ مسائل اور فلاح بہبود میں اپنا کردار ادا کریگی ۔