کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کا پی ڈی ایم کو چھوڑنا خان ولی خان کے بیانیہ کے منافی ہے ، وزیراعظم عمران خان سہارے پر چل رہا ہے ہمیں پیپلزپارٹی سے خیر کی توقع نہیں ہے۔ ان خیالات کااظہار پشتون افغان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین ملک سمندر خان ایڈووکیٹ نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ خان عبدالولی خان نے کہا تھا کہ پنجاب سے ہی جمہوریت کیلئے آواز بلند ہوگی اور آج مسلم لیگ ن کی شکل میں پنجاب میں جمہوریت کی بقاء کی جنگ کا آغاز ہوچکا ہے مگر افسوس کہ اے این پی نے خان عبدالولی خان کے بیانیہ کی نفی کرتے ہوئے بیچ راستہ میں پی ڈی ایم کا ساتھ چھوڑ دیا ۔ انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی سے کبھی بھی خیر کی توقع نہیں ۔
کیونکہ اسی جماعت نے سردار عطاء اللہ خان مینگل کی حکومت ختم کی تھی اور بلوچستان کی تاریخ میں کیا کردار پیپلزپارٹی نے ادا کیا یہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان سہارے پر چل رہا ہے ۔
اگر اپوزیشن جماعتیں جزوی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حقیقی بنیادوں پر جمہوریت کی بالادستی کیلئے جدوجہد کیلئے ایک پیج پر آجائیں تو ملک میں تمام اقوام کو ان کے حقوق حاصل ہونگے اور جمہوریت اپنی اصل روح میں زندہ ہوجائے گی۔