|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علمااسلام کے مرکزی رہنما و ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سابق سینیٹرحافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ ہماری جماعت نے ملک و قوم پر مسلط موجودہ جابر اور غاصب حکومت کو شروع دن سے ہی تسلیم نہیں کیا کوئی ساتھ دیں نہ دیں جمعیت علمااسلام ظلم کے اس نظام کے خلاف ڈٹ کے رہے گی ہم اس مفادپرست قبیل سے نہیں جو چند مفادات اور مراعات کی خاطر انکے دربار پر جھک جائیں۔

تاریخ موجودہ حکومت کے سہولت کاروں کو معاف نہیں کرے گی ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ریسٹ ہائوس گرانڈ تیمرگرہ لوئردیر میں جمعیت طلبااسلام ضلع دیر پائین کے زیراہتمام دینی و عصری اداروں سے امسال فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کرام کے اعزاز میں منعقدہ تاریخی فضلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس سے جمعیت علمااسلام صوبہ سندھ کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو شیخ الحدیث حضرت مولانا سعید الرحمن حقانی شیخ القران والحدیث قاضی فضل اللہ روغانی جمعیت طلبااسلام کے صوبائی صدر رحمت شہزاد ضلعی صدر حافظ اسراراللہ اور دیگر نے خطاب کیا ۔

مولانا حافظ حمداللہ نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان ہمسایہ ممالک سمیت دنیا بھر میں تنہائی کا شکار ہوتا جارہاہے اس نااہل ٹولے نے ملک کو سیاسی دفاعی اقتصادی اور معاشی لحاظ سے کھوکھلا کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں دلچسپی نہیں رکھتی مہنگائی اور بے روزگاری کے ستائے غریب عوام خودکشیاں کررہی ہیں ملازمین تاجر کسان اور زمینداروں سمیت ملک کے چھوٹے بڑے صنعت کار سراپا احتجاج ہیں انہیں مطمئن کرنے کی بجائے پریشرائز کرکے خاموش کرنے کی کوشش ظلم کی انتہا ہے۔