کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماو چیف آف بنگلزئی قبائل سردارنوراحمد بنگلزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے ،صوبے میں عوام کو روزگار کی فراہمی اور کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ابتک 18ہزار سے زائد نوجوانوں کو سرکاری محکموں میں ملازمیں دی گئی ہیں ۔
مستونگ کے قبائلی عمائدین کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت سے بی اے پی مستونگ میں مزید فعال اور منظم ہوگی۔ یہ بات انہوں نے اتوار کوسنجرزئی ،مندوزئی ، رئیس خیل ،پیروولی زئی ،مدنوی ،ملک خیل ،محمد خیر سمیت دیگر قبائل کے معتبرین بدل خان ،ماسٹر عطاء اللہ دہوار ، زین دین ،ماما کریم دہوار ، رئیس نبی بخش دہوار ،مستری مولاداد دہوار ، رئیس عبدالقیوم دہوار ، حاجی وزیر دہوار ، حاجی عبدالرسول دہوار ،نظام الدیندہوار ، ماسٹرعبدالقادر دہوار ،رئیس محمد اسحاق دہوار۔
ملک میراحمد ،ملک عنایت اللہ دہوار ، عبدالرسول دہوار اوردیگر سینکڑوں افرادکی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کے موقع پراپنی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنما وڈیرہ شہزاد لانگو بھی موجود تھے۔سردارنوراحمد بنگلزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں بی اے پی کی صوبائی مخلوط حکومت بلا رنگ و نسل صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں ۔
صوبے میں نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع کی فراہمی کیلئے ہر ڈسٹرکٹ میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جارہے ہیں اسکے علاوہ تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام ہورہے ہیں جو کاغذوں کی بجائے زمین پر نظرآرہے ہیں اورعوام کی اکثریت ان ترقیاتی منصوبوں سے بھر پوراستفادہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبے میں تین سال کے دوران جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔
اسکی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی تمام زبانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے اور پارٹی بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مستونگ کے قبائلی معتبرین کی اپنے ساتھیوں سمیت بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت سے پارٹی مستونگ میں مزید فعال اور مضبوط ہوگی۔ انہوں نے نئے شامل ہونے والے قبائلی معتبرین کو مبارکباددیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کو صوبے میں مزید فعال اور منظم بنانے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔