کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کو کسی بھی صورت تقسیم نہیں ہونے دیں گے کچھ سیاسی عناصر حکومت میں بیٹھ کر بلوچوں کے خلاف سازشیں کررہے ہیں نیشنل پارٹی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔
صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے پنجگور میں حکومتی اتحادی ٹولے نے پنجگور کو پسماندگی اور غربت کی طرف دھکیل دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی ہے۔
اور ہماری سیاست کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے اب کچھ عناصر حکومت میں بیٹھ کر بلوچوں کی دعویداری کرکے بلوچوں کے خلاف ہی سازشیں کررہے ہیں بلوچستان کو کسی بھی صورت تقسیم نہیں ہونے دیں گے ۔
اگر کسی نے بھی یہ سازش کی تو نیشنل پارٹی ان سازشوں کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ہمارے دور حکومت میں بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیاگیا مگر آج بدقسمتی سے بلوچستان میں کوئی ترقیاتی کام نظر نہیں آرہا ہے۔
صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے پنجگور کو ترقی دینے والوں نے پنجگور کو پسماندگی کی طرف دھکیل دیا ہے نیشنل پارٹی آئندہ انتخابات میں آکر تمام تر مسائل کو حل کریں گے اور بلوچستان کو تقسیم کرنے کے حوالے سے جو سازشیں ہورہی ہے اس کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے نیشنل پارٹی آج بھی بلوچوں کے حقوق ساحل و سائل کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔