|

وقتِ اشاعت :   April 13 – 2021

کوئٹہ: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے عہدوں سے مستعفی ہونے کے پاکستان پیپلزپارٹی کے فیصلے پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کا ردعمل سامنے آگیا۔جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آج سیاسی خودکشی کرلی ہے، حکومت کے خلاف تحریک وہی چلاسکتے ہیں جنھوں نے کشتیاں جلا رکھی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی استعفے اس وقت دیتی جب انہوں نے باپ سے ووٹ لیے تھے، پیپلزپارٹی عمران خان کی حکومت کو سہارا دیرہی ہے، پیپلزپارٹی جوکررہی ہے، اس کا جواب عوام اگلے الیکشن میں دیں گے۔ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پی ڈی ایم ایاین پی اور پیپلز پارٹی سے معافی مانگے گی؟ اس پر غفور حیدری کا کہنا تھاکہ معافی کس بات کی؟غلطیاں اور چالاکیاں وہ کریں ۔

اور معافی ہم کیسے مانگیں؟ پیپلز پارٹی کے جانے کی خوشی ہوئی، اب ہم یکسوئی سے تحریک چلائیں گے۔مولانا عبدالغفور حیدری سے مزید سوال کیا گیا کہ کیا پی ڈی ایم کے دوبارہ اکھٹے ہونے کوئی گنجائش ہے؟ اس پر ان کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی کا صرف ایک ہی راستہ ہے، یوسف رضا گیلانی استعفی دیں اس کے بعد اگلی بات ہوگی۔