مدینہ:وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے جرات مندانہ فیصلے کیے، دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کا بھی خاتمہ کریں گے۔
مدینہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، سیاسی جماعتوں کے اتفاق سے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی، ماضی میں بروقت فیصلے کیے جاتے تو ایسے چیلنجز درپیش نہ ہوتے، پاکستان کا امن خراب کرنے والوں کو برداشت نہیں کریں گے۔
ملک کے سب سے بڑے شہر میں قیام امن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن اور روشنیاں جلد بحال ہوں گی، مؤثر اقدامات کی بدولت کراچی میں حالات بہتر ہو رہے ہیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی سے لاہور تک موٹر وے جلد بن جائے گی، اور کراچی سے حیدر آباد تک موٹر وے کی تعمیر کا کام شروع ہو رہا ہے، کراچی کو پشاور سے موٹر وے سے ملانا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں جوہری بجلی گھر کی تعمیر کی جا رہی ہے جس سے 2 ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار ہو گی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، معیشت، دہشت گردی اور توانائی ملک کیلئے بڑے چیلنج ہیں، اگلے 3سال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی۔
بجلی کی پیداور کے حوالے سے انہوں پاکستانی کمیونٹی کو بتایا کہ 2017 کے آخر تک 10ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کریں گے، بھاشا ڈیم چار ہزار پانچ سو، دھاسو ڈیم چار ہزار پانچ سو، بنجی ڈیم سات ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار کرے گا ۔
ملک کی معاشی صورتحال پر وزیر اعظم نے کہا کہ اصلاحات کے ذریعے طرز حکمرانی بہتر بنائیں گے، 20ماہ میں زرمبادلہ کے ذخائر 16ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے، اسٹیٹ بینک کے ذخائر بھی 11ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، حکومتی فیصلوں میں شفافیت کو یقینی بنایا ہے۔
ملک کی خارجہ پالیسی پر ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں، افغانستان سے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔
ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائرکی خلاف ورزی پر انہوں نے کہا کہ سرحد پر فائرنگ کے واقعات باعث تشویش ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزام پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام بے بنیاد ہے۔