|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2021

دالبندین: صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمدعارف محمدحسنی نے کہا ہے کہ ماسٹر پلان کے تحت چاغی کے صدرمقام دالبندین شہر کی جدید طرز پر تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے کیمپ آفس میں دالبندین پریس کلب کے سابق صدر علی رضا رند ودیگر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر صوبائی وزیر میر محمدعارف محمدحسنی کا کہنا تھا کہ ماسٹر پلان کے سب سے پہلے دالبندین بازار کشادہ کرکے وہاں تین مختلف مقامات پر کار پارکنگ بنائے جائیں گے جس سے شہر میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پڑوئی واٹر سپلائی منصوبے پر کام جاری ہے جو چار سے پانچ ماہ میں مکمل ہوگا جس کے بعد دالبندین شہر کے تمام علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی بلاتعطل جاری رہے گی. ان کا کہنا تھا دالبندین بس اڈہ تکمیل کے مراحل میں پہنچ چکا ہے جس سے شہر کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوگا. صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دالبندین شہر کے مختلف محلوں کو آپس میں سڑکوں کی جال سے ملایا جارہا ہے۔

جن کی تکمیل کے بعد شہر سے باہر بائی پاس پر بھی ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا. ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ان کی کڑی نظر ہے اور وہ کسی بھی قسم کے غیر معیاری کام کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے اگر لوگ کہیں پر غیر معیاری کام ہوتا دیکھیں تو اس کی نشاندہی ضرور کریں. انہوں نے کہا کہ تعلیم ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

جس کے تحت دالبندین میں پولی ٹیکنیک کالج اور یونیورسٹی کیمپس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ ضلع چاغی اور گرد و نواح کے بچے اور بچیاں یہیں پر علم و ہنر کے زیور سے آراستہ ہوں. انہوں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے دالبندین میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پر بھی جلد کام شروع کرنے کی عزم کا اعادہ کیا. ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک ممکن وہ عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

اور اس مقصد کے لیے کسی بھی مشکل کو خاطر میں نہیں لائیں گے. خیال رہے میر محمدعارف محمدحسنی نے رمضان المبارک کا پہلا روزہ صبح سے لے کر سہہ پہر تک دالبندین میں اپنے کیمپ آفس میں لوگوں کے مسائل سنتے گزارا جس کے بعد انہوں نے یک مچھ جاکر پی ایچ ای کے واٹر سپلائی اسکیم کا دورہ کیا۔