|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشت بیرونی سرمایہ کاری کیلئے نہایت معاون ثابت ہو رہی ہے، حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ایک فعال پالیسی پر عمل پیرا ہے اور بدلتی ہوئی بین الاقوامی معاشی صورتحال میں بلوچستان نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے، اپنی جغرافیائی اہمیت اور بیش بہا معدنی وسائل کے باعث بلوچستان سرمایہ کاری کیلئے موذوں سرزمین ہے۔

حکومت بلوچستان نے وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں اس ضرورت کو محسوس کیا کہ ترقی کی بنیاد سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے ہے انہوں نے کہا کہ قدرتی گیس، کوئلہ اور معدنیات کی پیداوار صوبے کی معیشت کے بنیادی اجزاء ہیں جبکہ اس میں زراعت اور لائیو اسٹاک کا بھی بڑا حصہ ہے دیگر اہم شعبوں میں ماہی گیری، کان کنی، مینوفیکچرنگ، انڈسٹریز، تجارت اوردیگر خدمات شامل ہیں ۔

جو سرکاری اور نجی شعبے کے ذریعے پیش کی جاتی ہیں۔گوادر ڈیپ سی پورٹ اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے صوبے میں اقتصادی و معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ ان سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرنے کیلئے ایک فوکل ایجنسی کے طور پرکام کر رہاہے۔

ہم سرمایہ کاری کیلئے دستیاب مواقع کی تشہیر، سرمایہ کاروں کوون ونڈو سہولیات کی فراہمی اورمتعلقہ اداروں و محکموں تک رسائی کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کر رہے ہیں، اس سلسلے میں کئی ایک کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں اور بڑی تعداد میں سرمایہ کار بلوچستان کا رخ کر رہے ہیں۔