|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2021

کوئٹہ : اسپیکر بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ماہ صیام میں منافع خوری اورمصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرور ت ہے عوام کو سستی اشیاء فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے بہت مثبت اقدامات اٹھائے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کی مانٹرنگ بھی کی جائے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا کہنا ہے کہ ہم اپنے آپ کو مسلمان کہتے ہیں لیکن ماہ رمضان میں ہم اپنی مسلمانیت کو بھول کر منافع خوری اور خود ساختہ مہنگائی کرکے لوگو ں کو اذیت میں مبتلا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیگر مذاہب کے لوگ ماہ رمضان میں اپنے ممالک میں مسلمانوں کو ریلیف دینے کیلئے خوردونوش اور دیگر اشیاء سستی کردیتی ہیں لیکن ہمارے ہاں الٹا حساب ہے ماہ رمضان آتے ہی منافع خوری اورخوردنوش اور دیگر اشیاء مہنگا کرکے اپنی جیبیں گرم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بہت سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیںمیں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے یہی کہونگا کہ مانٹرینگ کیلئے وہ خود بھی جائے اور وزراء کو بھی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹاسک دے تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے۔