|

وقتِ اشاعت :   April 15 – 2021

کوئٹہ: کوئٹہ کے چار اسکولوں سے کورونا وائرس کے 51کیس رپورٹ ہونے کے بعد اسکولوں کوایک ہفتے کے لئے بند کردیا گیا،ضلعی ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ کے مطابق کوئٹہ کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ہدہ منو جان روڈ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ریلوے کالونی ، گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول بشیر آباد نواں کلی سے کورونا وائرس کے 14،14 جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پوسٹل کالونی ۔

کوئٹہ سے 9مثبت کیس رپورٹ ہونے کے بعد چاروں اسکولوں کو آج جمعرات سے 21اپریل تک سات دنوں کے لئے بند کردیا گیا ہے کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں استاتذ ہ اور طلبا شامل ہیں جبکہ اسکولوں کو محکمہ صحت کے ذریعے ڈس انفکیٹ کروایا جائیگا ۔دریں اثناء کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر سردار بہاد خان وویمن یونیورسٹی کو 30اپریل تک بند کردیا گیا۔

بدھ کو سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے رجسٹرار منظور حسین کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران کورونا وائرس کے پھیلائو کو مدنظر رکھتے ہوئے سردار بہاد ر خان وویمن یونیورسٹی کو آج سے 30اپریل تک بند کردیا گیا اس دوران تعلیمی اور انتظامی سرگرمیاں معطل جبکہ سردار بہاد خان وویمن یونیورسٹی کے کیمپس۔

ماڈل اسکول اور یونیورسٹی کی طالبات اور استاتذہ کے لئے ہاسٹل بھی بند رہیں گے۔ اور یونیورسٹی میں صفائی مہم چلائی جائیگی اعلامیے کے مطابق جامعہ میں کورسز آن لائن پڑھائے جائیں گے اور مڈٹرم امتحانات فائنل امتحانات کے ساتھ لئے جائیں گے۔