کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر صوبے میں یکم مئی تک نئی پابندیاں عائد کردیں ہفتہ اور اتوار کو صوبہ میں کاروبار سمیت دیگر امور بند رہیں گے، ہر قسم کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد ، جمعہ کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان ارشد مجید کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کے پیش نظر صوبے میں مزید سختیاں کی جائیں گی۔
صوبے میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل طور پر بند دن ہونگے ، مارکیٹیں سحری سے لیکر شام چھ بجے تک کھلی رہیں گی ،البتہ پیٹرول پمپ، روزمرہ اشیاء کی دکانوں،ہسپتالوں ،لیبارٹریوں ، میڈیکل اسٹورز ، بلڈ بینک، کھانہ فراہم کرنے والے مراکز پابندی سے استثنیٰ ہونگے ، اعلامیے کے مطابق صوبے میں انڈور و آئوٹ ڈور سماجی، کھیلوں ،سیاسی سمیت دیگر ہر قسم کے اجتماعات پر پا بندی عائد کردی گئی ہے ریسٹورنٹس میں انڈور کھانے پر پابند ی عائد کردی گئی۔
البتہ افطار سے رات 12بجے تک کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ ریسٹورنٹس میں آئوٹ ڈور کھانے اور ٹیک اووے کی اجازت ہوگی صوبے میں تراویح بھی کھلی جگہ کروانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو علماء، سماجی رہنمائوں کی رمضان میں ایس اوپیز پر عملدآمد کے لئے معاونت حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، صوبے میں سینیماگھر، مزار بند رہیں گے جبکہ اسپورٹس ، ثقافتی فیسٹیول کروانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق صوبے میں پارک بند رہیں گے تاہم واکنگ اور جاگنگ ٹریک کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھلے رہیں گے، صوبے کے تمام سرکاری اور نجی دفاتر میں 50فیصد گھر سے کام کرنے کی پالیسی جاری رہے گی ، اعلامیے کے مطابق مختلف شہروں کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی تعداد 50 فیصد تک محدود رہے گی جبکہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ 26اپریل تک ہفتہ اور اتوار کو بند رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق سیاحوں کے لئے کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عملدآمد کو یقینی بنایا جائیگا اس سلسلے میں صوبے کے داخلی اور چنندہ مقامات پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی کئے جائیں گے اعلامیے میں ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ آگاہی مہم چلائے گی ۔
سول انتظامیہ ، پولیس اور لیویز حفاظتی تدابیر پر عملدآمد کے لئے ضلعی اور تحصیل سطح پر ٹیمیں بنا کر اقدامات کریں گے اعلامیے کے مطابق بئی پابندیوں کا اطلاق یکم مئی کی دوپہر 12بجے تک ہوگا ۔