خضدار: بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع خضدار کے صدر شفیق الرحمن ساسولی نے بی این پی یورپ کے نومنتخب آرگنائزنگ باڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے فیصلے کے مطابق مرکزی صدر اخترجان مینگل کی جانب سے یورپ میں پارٹی کے آرگنائزنگ باڈی کی تشکیل خوش آئند ہے۔ آرگنائزر میرنورالدین مینگل، ڈپٹی آرگنائزر اصغرشاھوانی و دیگر ممبران پر مشتمل آرگنائزنگ باڈی تشکیل دینے کے پارٹی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
شفیق الرحمن ساسولی نے بی این پی یورپ کے نومنتخب آرگنائزر نورالدین مینگل، ڈپٹی آرگنائزر اصغر شاہوانی اور دیگر ممبران شاہ جہان بلوچ عنایت مینگل، نجیب مینگل، شاہ جہان شاہوانی، ناصر شاہوانی، رحیم شاہوانی، ہمایوں گچکی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ نومنتخب آرگنائزنگ باڈی یورپ میں پارٹی کوفعال اور متحرک بنانے کے لئے اپنے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے۔
عالمی سطح پر بلوچستان اور بلوچ قوم کی نمائندگی کرکے پارٹی کے قومی پروگرام کو بہتر انداز میں پیش کریگی۔شفیق الرحمن ساسولی نے کہاہے بی این پی مستقل مزاج سیاسی جہدکاروں پر مشتمل عظیم شہدا کی وارث جماعت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں مختلف ادوار میں بلوچ کاز کیلئے شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بلوچستان کی تاریخ شہدا سے بھری پڑی ہیں مگر بلوچ عوام نے کبھی کسی کے آگے سرِتسلیم خم نہیں کیا۔
سانحہ آٹھ اگست، شاہ نورانی، شہدا چیک پوسٹ واقعہ، توتک اجتماعی قبر جیسے سینکڑوں واقعات میں ملوث کرداروں کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ ان جیسے واقعات میں ملوث کرداروں اور وقت کے حیوان صفت راہزنوں کو تاریخ ذلت آمیز الفاظ سے یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہاکہ قربانی کا جذبہ رکھنے والے عوام کو کبھی طاقت کے زورپر شکست نہیں دی جاسکی۔ ظلم کا نظام کسی بھی معاشرے میں ہوں۔
اس معاشرے میں تباہی کے سوا کچھ نہیں ہوتا، دورِجدید میں بھی بلوچ عوام کی ایک بڑی تعداد خانہ بدوشوں کی زندگی گزارنے پرمجبور ہے۔ جب تک بلوچ دھرتی کے تمام قبائل متحد نہیں ہونگے حقوق کا حصول مشکل رہیگی، سابقہ ادوار میں بلوچ وطن کو پسماندہ رکھنے کی کوشش کی گئی مگر سیاسی جہدکاروں اور اکابرین نے تمام سازشوں کو ناکام بنایا، اب ساحل وسائل کی جنگ لڑنے کیلئے سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی ۔
سی پیک و دیگر منصوبوں میں بلوچ عوام نظرانداز ہے، بدنیتی پر مبنی منصوبے کسی صورت کامیاب نہیں ہوتے۔ گوادر شہر سمیت بلوچستان کو سیکورٹی کے نام پر چیک پوسٹوں میں تبدیل کردیا گیا اور اب شمال و جنوب کے نام پر تقسیم کی سازش ہورہی ہے۔
حکمرانوں نے سیاست کو پیسہ کلچر میں تبدیل کردیا ہے، مگر بلوچستان نیشنل پارٹی کے پرچم تلے ہمیں انکی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا اور اپنی جدوجہد کا محور حقوق کے حصول پر مرکوز کرنا ہوگا۔شفیق الرحمن ساسولی نے کہاکہ بی این پی یورپ کے نئے آرگنائزنگ باڈی سے توقعات وابستہ ہیں، امید ہیکہ وہ عالمی فورمز پر بلوچستان کے نمائندگی کا حق ادا کریں گے۔