|

وقتِ اشاعت :   April 23 – 2021

خضدار: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ گزشتہ شب سرینا ہوٹل میں ہونے والا بم دھماکہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضائع ہونا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بے گناہ افراد کو مارنا بم دھماکہ کرنے والے انسانیت کے دشمن اور بے رحم ہیں ۔

دشمن ملک میں امن کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش کرر ہا ہے اس طرح کے حملے کرکے عوام میں خوف وہراس اور پاکستان کی سلامتی و ترقی کے خلاف مذموم کوششیں کی جارہی ہیں تاہم انہیں اپنے عزائم میں ناکامی کاسامنا کرنا پڑیگا،۔ انہوں نے دھماکے میں جاں بحق اور زخمی افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعاء کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام لواحقین کو صبر جمیل اور زخمیوں کو جلد صحت عطاء فرمائے۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھاکہ بلوچستان حکومت عوام کے جان ومال کی حفاظت کے لئے خصوصی پلان مرتب کرکے صوبائی دارالحکومت سمیت پورے بلوچستان میں امن وامان کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات عمل میں لائے۔