کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بعض اخبارات میں لورالائی میں منی سینماگھر،سنوکر کلبوں، اوستہ محمد میں گندم کی خریداری کے نام پر کرپشن اورپشین سول ہسپتال میں آکسیجن کی کمی اورڈاکٹر کی غیر حاضر ی کے باعث مریض کے دم توڑے جانے کی خبروں کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور مذکورہ تمام معاملات میں کاروائی کی ہدایت کی ہے۔ بعض اخبارات میں یہ خبر شائع ہوئی ہے کہ لورالائی میں منی سینما گھروں اور سنوکر کلبوں کیوجہ سے نوجوانوں نسل کا مستقبل تباہ ہورہاہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت نئی نسل کو بہترین اور صحت مند ماحول مہیاکرنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے انسانی وسائل کی ترقی کو ترجیحی اہمیت دیتی ہے اور ایسی منفی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے جو نوجوانوں کو تعمیری اور مثبت سرگرمیوں سے ہٹاتی ہوں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فوری طور پر تمام سرگرمیوں کو بند کرایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے اوستہ محمد میں گندم کی خریداری کے نام پر کرپشن کی خبر پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے۔
چیف سیکرٹری بلو چستان کو ہدایت دی کہ اس معاملے کی فوری چھان بین کی جائے اور اگر کسی قسم کی کرپشن ہو رہی ہے توذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔وزیر اعلیٰ بلو چستان نے اس خبر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ پشین کے سول ہسپتال میں آکسیجن کی ناپیدی اور ڈاکٹرکی غیر حاضر ی کے باعث ایک مریض چل بسا انہوں نے ڈپٹی کمشنر پشین کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کرکے اس معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی کسی کو اجازات نہیں دی جاسکتی۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی حقیقی صورتحال سامنے لائی جائے اور اگرواقتاً کوئی اس واقعہ کا ذمہ دار پایا جائے تو اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں آکسیجن اور دیگر ضروری اشیاء وآلات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔