ایڈیلیڈ: بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے انگلینڈ کو شکست دینے کے ساتھ ساتھ ایونٹ کے کوارٹر فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز بلے باز تمیم اقبال اورعمر القیص نے کیا، تاہم دونوں بلے باز زیاد ہ دیر تک پچ پر ٹِک نہ سکے اور 2، 2 رنز بنا کر باؤلر جیمس اینڈرسن کی گیندوں کا شکار ہوگئے۔
سومیا سرکار اور محمود اللہ نے 86 رنز کی بہترین شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
محمود اللہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 103 رنز کی بڑی اننگز کھیلی۔
محموداللہ ورلڈ کپ میں پہلی دفعہ سینچری بنانے والے بنگلہ دیشی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحمن بھی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 89 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے کِرس جورڈن اور جیمز اینڈرسن نے 2، 2 جبکہ اسٹورٹ براڈ اور معین علی 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے 43 رنز کا بہتر آغاز فراہم کیا لیکن اس موقع پر معین علی وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہو گئے۔
ایلکس ہیلز اور ای این بیل نے اسکور کو 97 تک پہنچا کر ہدف کا تعاقب جاری رکھا لیکن ہیلز 27 رنز بنا کر حریف کپتان کی وکٹ بن گئے۔
اسکور 121 تک پہنچا تو انگلینڈ کو دہرا دھچکا پہنچا جب 63 رنز بنانے والے بیل اور کپتان آئن مورگن تین گیندوں کے فرق سے پویلین لوٹ گئے۔
اسکور میں نو رنز کے اضافے سے جیمز ٹیلر آؤٹ ہوئے تو آدھی انگلش ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
جو روٹ اور جوز بٹلر نے ہدف کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے 31 رنز جوڑے ہی تھے کہ 163 کے اسکور پر روٹ مشرفی مرتضیٰ کی دوسری وکٹ بن گئے۔
اس موقع پر محسوس ہوتا تھا کہ شاید انگلش ٹیم 200 رنز سے قبل ہی پویلین لوٹ جائے گی لیکن بٹلر نے کرس ووکس کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ کے لیے 75 رنز جوڑ کر میچ کو سنسنی خیز مرحلے میں پہنچا دیا۔
238 کے اسکور پر بٹلر 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو میچ میں بنگلہ دیش کی فتھ کے امکانات ایک بار پھر روشن ہو گئے۔
کرس ووکس نے اس موقع پر اپنی ٹیم کی فتح کا بیڑا اٹھایا لیکن دوسرے اینڈ سے کھلاڑی ان کا ساتھ نہ نبھا سکے اور پوری ٹیم 260 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 15 رنز کی اپ سیٹ شکست سے دوچار کرنے کے ساتھ ساتھ ناصرف ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا بلکہ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کا سفر بھی تمام کر دیا۔
محمود اللہ کو سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔