|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2021

خضدار:آل پارٹیز شہر ی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالحمید ایڈووکیٹ کی قیادت میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کی جنرل باڈی کی ممبران ڈی آئی جی قلات رینج جاوید اوڈھو سے ملاقات کی وفد میں وائس چیئرمین سجاد احمد زیب ،جنرل سیکرٹری بشیر احمد جتک ،مولانا عنایت اللہ رودینی ،مولانا محمد صدیق مینگل ،صابرحسین قلندرانی ،جمیل قادر ،شیر احمد قمبرانی ،عبدالوہاب غلامانی ،آغا سمیع اللہ شاہ اور دیگر ممبران شامل تھے جبکہ ایس ایس پی خضدار سمیت پولیس کے دیگر آفسران بھی اجلاس میں موجود تھے

،آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کی جانب سے ڈی آئی جی خضدار کو شہر میں ہونیوالے قتل ،رہزنی اور بد امنی کے دیگر واقعات کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا شہری ایکشن کمیٹی نے موقف اختیار کیا کہ خضدار شہر میں ایک مرتبہ پھر پے در پے بد امنی کے واقعات سے شہریوں میں یہ خوف پیدا ہو رہا ہے کہ شہر کو گزشتہ ماضی کی حالات کی طرح ایک مرتبہ پھر سیکورٹی رسک بنانے کی کوشش ہو رہی ہے شہری ایکشن کمیٹی نے مختلف مواقوع پر ان تمام واقعات کی نشاندہی کی ہے جو بد امنی کے لئے ماحول کو سازگار بنا رہے ہیں لیکن ہمارے خیال میں پولیس جو شہر کے اندر سیکورٹی کا زمہ دار ہے اپنا فرض پورا نہیں کر رہا

شہر میں مسلح لوگوں کو آنا اور نہتے شہریوں کو ٹارگٹ بنانا ،جس کا پس منظر جو بھی ہو لیکن سوال یہ ہے کہ ایک شخص غیر قانونی اسلحہ کے ساتھ کس طرح شہر میں آتا ہے اور اپنی ٹارگٹ حاصل کرنے کے بعد بہ آسانی فرار ہو جاتا ہے خضدار شہر میں گزشتہ ایک ہفتے میں نصف درجن کے قریب دکانوں کو لوٹا گیا ہے اور اسی تناسب سے موٹر سائیکلیں چھننے کی وارداتیں ہوئی ہیں ڈی آئی جی قلات نے آل پارٹیز شہری ایکشن کے وفد کو یقین دلایا کہ خضدار پولیس اپنی زمہ داریوں سے غافل نہیں ہے خضدار پولیس کے انتظامی عہدوں میں تبدیلی کر دی گئی ہے

ایس ایس پی خضدار ،ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو واضح ہدایات دی گئی ہے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹیں اور ان کے خلاف کاروائی کر کے عوام کی جان و مال کی تحفظ کو یقینی بنائیں میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ قانون عادل بھی ہے اور بے رحم بھی کوئی بھی شخص جتنا بھی طاقتور ہو ہم قانون کی گرفت میں اس کو لانے کی کوشش کرئینگے اور اس کو ایسی سزا دینگے جو دیگر افراد کے لئے عبرت کا باعث ہو اس موقع پر ایس ایس پی خضدار ارباب امجد کانسی نے شہری ایکشن کمیٹی کے وفد کو بتایا کہ گزشتہ روز خضدار شہر کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاع پر کاروائی کر کے موٹر سائیکلیں چھننے والوں اور بازار میں ڈکیتی کے وارداتوں میں ملوث افراد کے سرغنوں کو گرفتار کر کے ان سے مسروقہ موٹر سائیکلیں اور چھینی گئیں سامان و نقدیات برآمد کی گئی ہے پولیس آفسران اور شہری ایکشن کمیٹی کے ممبران کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں طرف سے تعاون کو ہر وقت آسان و یقینی بنایا جائے گا اور اس طرح روابط جاری رکھیں گے ۔