|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2015

نئی دہلی: ایک ہندوستانی دلہن نے صرف اس وجہ سے شادی کرنے سے انکار کردیا کیوں کہ اس کا دلہا ریاضی کا ایک آسان سا سوال حل کرنے میں ناکام ہوگیا تھا۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ رواں ہفتے بدھ کو شادی کی تقریب میں لڑکی نے اپنے دلہا کا ریاضی کا امتحان لیا اور جب اس نے کچھ سوالات غلط حل کیے تو دلہن نے شادی کی تقریب سے واک آؤٹ کردیا۔ لڑکی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ 15 جمع 6 کتنے ہوتے ہیں تو دلہا نے اس کا جواب 17 دیا، جو کہ بالکل غلط تھا۔ مقامی پولیس افسر راکیش کمار کے مطابق یہ واقعہ رواں ہفتے بدھ کو ریاست اتر پردیش کے شہر کان پور کے انڈسٹریل ایریا کے قریب واقع رسول آباد گاؤں میں پیش آیا۔ دلہا کے خاندان نے لڑکی کو راضی کرنے کی کوشش تاہم وہ اپنی بات پر قائم رہی، جس کا موقف تھا کہ لڑکے نے اپنی تعلیم کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا۔ لڑکی کے والد موہر سنگھ نے بتایا کہ لڑکے والوں نے دلہا کی تعلیم کے بارے میں انھیں اندھیرے میں رکھا، کیونکہ ایک پہلی جماعت کا طالب علم بھی یہ سوال حل کرسکتا ہے۔ پولیس افسر کمار نے بتایا کہ مقامی پولیس نے دونوں خاندانوں کے درمیان مصالحت کرائی اور شادی سے پہلے دیئے جانے والے تحفے تحائف اور زیورات واپس کروائے۔ گزشتہ ماہ بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب ایک ہندوستانی دلہن نے شادی کی تقریب میں دلہا کو دورہ پڑ جانے کے باعث شادی میں شریک ایک مہمان سے شادی کرلی تھی۔ مذکورہ لڑکی کا بھی موقف تھا کہ اسے لڑکے کی بیماری سے لاعلم رکھا گیا تھا۔ ہندوستان میں زیادہ تر شادیاں خاندان کی مرضی و پسند سے طے کی جاتی ہیں اور ایک دو ملاقاتوں کے علاوہ دلہا دلہن ایک دوسرے کو نہیں جان پاتے، یہی وجہ ہے کہ اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں۔