کوئٹہ: صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اورغزہ سٹی میں میڈیا دفاتر پر اسرائیلی حملوں اور عالمی ادروں کی خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیل کو فوری طور پر جارحیت سے نہ روکا گیا تو نہ صرف مشرق وسطیٰ کا امن تباہ بلکہ خطے میں بڑا انسانی بحران جنم لے سکتاہے،عالمی برادری فوری طور پر اپنا کردار ادا کرئے، شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی سمیت دیگر قتل ہونے والے تمام شہید صحافیوں کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچا جائے اور حقائق منظر عام پر لانے کیلئے بلوچستان ہائی کورٹ کے جج پر مشتمل عدالتی کمیشن بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار پی ایف یو جے کے صدر شہزاد ذوالفقار ، مرکزی نائب صدر سلیم شاہد ، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلمان اشرف ، سینئر نائب صدر شاہ حسین ترین ، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند اور انسانی حقوق کمیشن بلوچستان چپٹر کے کوارڈینیٹر فرید شاہوانی نے منگل کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی مرکزی کال پر فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اورغزہ سٹی میں میڈیا دفاتر پر اسرائیلی حملوں کے خلاف بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر مظاہرین بینر اٹھا رکھے تھے ۔
اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرئے بازی کررہے تھے۔مقررین نے غزہ سٹی میں میڈیا دفاتر اور فلسطینی نہتے عوام پر وحشیانہ حملوں کی مذمت کی اور اسے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں قتل عام سے بہت بڑے انسانی المیے نے جنم لیا ہے اسرائیلی حملوں کے شہدا کے لواحقین اپنے پیاروں کی نعشوں کو تلاش کررہے ہیں اس موقع پر اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت دیگر عالمی اداروں کی خاموشی مجرمانہ عمل ہے ، مقررین نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد پاس کرنا کافی نہیں۔
بلکہ اسلامی ممالک متحد ہوکر اسرائیل کے خلاف پریشر بڑھائیں اسرائیل کی جانب سے میڈیا دفاتر پر حملے مقصد صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی سے روکنے اور حقائق چھپانے کی سازش ہے ، مقررین نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے سرگرم کردار ادا کریں۔ اس موقع پر مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی سمیت دیگر قتل ہونے والے تمام شہید صحافیوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور حقائق منظر عام پر لانے کیلئے بلوچستان ہائی کورٹ کے جج پر مشتمل عدالتی کمیشن بنایا جائے