|

وقتِ اشاعت :   March 16 – 2015

لاہور میں گرجا گھروں پر ہونے والے بم دھماکوں کے بعد مشتعل مظاہرین کے ہاتھوں قتل ہونے دو افراد میں سے ایک کی شناخت نعیم کے نام ہو گئی ہے۔ مقتول نعیم کے بھائی سلیم نے لاہور کے تھانہ نشتر کالونی میں ایک درخواست درج کروائی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ روز مشتعل مظاہرین کے ہاتھوں ہلاک ہونے والا ایک شخص ان کا بھائی ہے جس کا نام نعیم تھا۔ سلیم کی جانب سے اپنے بھائی کی تصویر بھی درخواست کے ساتھ پولیس کو جمع کروائی گئی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ نعیم شیشہ کاٹنے کا کام کرتا تھا اور احتجاج کے دوران مشتعل افراد کے ہتھے چڑھ گیا۔ درخواست میں مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مشتعل افراد نے نہ صرف ان کے بھائی کو قتل کیا بلکہ ان کی لاش کو زندہ جلایا۔ گزشتہ روز لاہور کے گرجا گھروں میں ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد مشتعل مظاہرین نے دو افراد کو تشدد کرکے قتل کرنے کے بعد جلا دیا تھا۔