|

وقتِ اشاعت :   June 10 – 2021

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدرمخدوم ایوب قریشی ،مرکزی کمیٹی کے رکن انجینئرحمید بلوچ،سندھ وحدت کے جنرل سیکریٹری مجید ساجدی ،حبیب بلوچ،ملک روزی خان ، حنیف بلوچ اوردیگر رہنماﺅں نے کہاہے

کہ بحریہ ٹاﺅن کی تجاوزات کینسرکی طرح پھیلتی جارہی ہیں ملک کے مختلف شہروں کے اندر جدید بستیاں بسانے کے نام پر بحریہ ٹاﺅن کی انتظامیہ حکومتی سرپرستی میں لوگوں کی موروثی زمینوں پرقبضے کررہی ہے کراچی کے ضلع ملیر میں سندھیوں اوربلوچوں کی قدیم آبادیوں پرگزشتہ کئی برسوں سے بحریہ ٹاﺅن کی طرف سے قبضہ گیری کایہ سلسلہ جاری ہے جس کے خلاف وقفے وقفے سے احتجاج بھی کیاجاتا رہا ہے اسی سلسلہ کا پرامن احتجاجی مظاہرہ گزشتہ دنوں بحریہ ٹاﺅن کراچی کے سامنے کیاگیاجس میں مقتدرسیاسی جماعوں ،ٹریڈ یونینز اورسول سوسائٹی کی تنظیموں نے بھرپورحصہ لیا مظاہرین کا وفاقی حکومت اورحکومت سندھ سے مطالبہ تھا کہ وہ بحریہ ٹاﺅن کی طرف سے مقامی لوگوں کی زمینوں پر ناجائز اورغیرقانونی قبضے کا نوٹس لیں اوربحریہ ٹاﺅن کی انتظامیہ کواس بات کا پابند بنائیں کہ وہ لوگوں کی زمینوں پر ناجائز اورغیرقانونی قبضے سے باز رہے۔ نیشنل پارٹی کے رہنماﺅں نے کہا افسوس ناک صورت حال یہ ہے کہ اس پرامن احتجاج کو دہشت گردی کا واقعہ ثابت کرنے کے لیے بحریہ ٹاﺅن کی انتظامیہ جوکہ نہایت طاقتور ہے اورریاستی مقتدرہ کے ساتھ اس کے تعلقات سے دنیا واقف ہے اس نے پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت جلاﺅ گھیراﺅ کا ڈرامہ رچایا اوراس سے زیادہ افسوس ناک بات یہ ہے

کہ سندھ حکومت کے وزیر اطلاعات ناصرحسین اور وزیراعلی سندھ کے مشیر نثارکھوڑونے بغیر تحقیقات کے یہ بیان داغ دیا کہ مشتعل مظاہرین نے بحریہ ٹاﺅن میں آگ لگائی جسکے نتیجے میں بحریہ ٹاﺅن میں عمارتوں کونقصان پہنچا،ان کاکہناتھا کہ یہ سب کچھ ہماری آنکھوں کے سامنے ہوا اوراندرگھس کر عمارتوں کونقصان پہنچایاگیا انہوںنے مزید یہ بھی کہاکہ اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ کسی کو سندھ میں کاروبار کرنے سے روکاجائے۔ رہنماﺅں نے کہاحکومت سندھ کا یہ موقف نہایت ہی بھونڈا اور احمقانہ حدتک جاہلانہ ہے بحریہ ٹاﺅن کے خلاف احتجاجی تحریک ان کوقانونی طورپرکاروبار کرنے سے روکنے کی تحریک نہیں ہے یہ تحریک بحریہ ٹاﺅن کی طرف سے سندھیوں اوربلوچوں کی قدیم آبادیوں اوران کی موروثی زمینوں پرغیرقانونی قبضوںکے خلاف احتجاجی تحریک ہے پیپلزپارٹی کی حکومت شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کے بجائے قبضہ گیروں کی حمایت کررہی ہے نیشنل پارٹی کے رہنماﺅں نے کہا اس احتجاجی تحریک کوسبوتاژ کرنے کے لیے بحریہ ٹاﺅن کے طاقتور مالکان انتظامیہ کے ساتھ مل کر پرامن احتجاجی تحریک کو دہشت گردی اورجلاﺅ گھیراﺅ کی تحریک ثابت کرناچاہتے ہیں نیشنل پارٹی ان ظالمانہ اورغیرقانونی حرکتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔نیشنل پارٹی کے رہنماﺅں نے وفاقی اور صوبہ سندھ کی حکومتوں سے مطالبہ کیاہے کہ وہ لوگوں کی زمینوں پر ناجائز اورغیرقانونی قبضہ گری کے سلسلے کوختم کرانے کے لیے فوری طورپراقدامات کریں اوراحتجاجی تحریک کے دوران گرفتار کئے گئے مختلف تنظیموں کے کارکنوں کوفوری طورپررہا کرے۔جھوٹے اوربے بنیاد مقدمات کوختم کیاجائے۔