|

وقتِ اشاعت :   March 23 – 2015

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کے ضلع کیچ اور آواران میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر راکٹ حملے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ ایف سی نے کیچ میں سرچ آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ ڈیرہ بگٹی میں سرچ آپریشن کے دوران دس مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ (تربت) کی تحصیل مند کے علاقے بلوچ آباد میں فرنٹیئر کور مکران اسکاؤٹس 54ونگ کے کوئیک رسپانس فورس کا قافلہ گزر رہا تھا کہ گھات لگائے نامعلوم ملزمان نے اچانک حملہ کردیا۔ چھوٹے ہتھیاروں کے علاوہ ملزمان نے راکٹ کے گولے بھی داغے۔ اس دوران راکٹ کا ایک گولہ ایف سی کی بکتر بند گاڑی پر لگا جس سے گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا اور اس میں سوار ایف سی کا ایک آفیسر سمیت تین اہلکار معمولی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تربت پہنچادیا گیا ۔ ایف سی کی جوابی کارروائی پر ملزمان فرار ہوگئے ۔ ایف سی ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد ایف سی نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران دو راکٹ کے گولے ، دو کلاشنکوف اور دو رائفلیں برآمد ہوئی جسے ایف سی نے تحویل میں لے لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ایف سی ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان زخمی حالت میں اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔ علاوہ ازیں ضلع آواران کی تحصیل جھاؤ میں بھی نامعلوم افرا دنے سیکورٹی فورسز کے قافلے پر اس وقت حملہ کیا جب وہ آواران سے بیلہ کی طرف جارہا تھا ۔ فورسز کی جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دریں اثناء ضلع ڈیرہ بگٹی سے ملحقہ پٹ فیڈر میں ایف سی نے سرچ آپریشن کے دوران دس مشتبہ افراد کو گرفتا رکرلیااور ان سے تفتیش شروع کردی۔