|

وقتِ اشاعت :   June 17 – 2021

ڈیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار اور گردونواح میں گزشتہ شب تیز طوفانی ہواوں کیساتھ موسلادھار بارش نے ترقیاتی منصوبوں کی قلعی کھول کر رکھ دی شہید مراد کالونی ریلوے کالونی اور بلوچ کالونی میں گھروں اور گلیوں میں دو فٹ تک بارش کا پانی جمع ہوگیا بجلی کا نظام درہم برہم درخت جڑوں سے اکھڑ کر گر پڑے ہیں دیہی علاقوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اللہ یار اور گردونواح میں مون سون اسپیل کی پہلی بارش نے تباہی مچا دی ہے

گزشتہ شب دیر سے تیز طوفانی ہواوں کیساتھ شروع ہونے والی موسلادھار بارش کئی گھنٹوں تک جاری رہی جس کے باعث گلی محلے جل تھل ہوگئے ندی نالوں میں طغیانی آگئی موسلادھار بارش اور نکاسی آب کی نالیاں نہ ہونے کے باعث شہید مراد کالونی ریلوے کالونی اور بلوچ کالونی میں گلیوں اور گھروں میں دو فٹ تک بارش کا پانی جمع ہوگیا غریب شہریوں کے گھروں کی کمزور چھتیں ٹپک پڑی ہیں اور درجنوں افراد رات بھر موسلادھار بارش میں اپنے اہل و عیال کیساتھ بارش میں بھیگتے رہے بارش کی بوندیں گرتے ہی بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا جمعرات کی شب تین بجے سے جمعرات کے دن شام پانچ تک بجلی بندی رہی تیز طوفانی ہوا میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے

متعدد دیہی علاقوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے سیکڑوں افراد محصور ہو کر رہ گئے جمعرات کی صبح بارش تھمتے ہی میونسپل کارپوریشن ڈیرہ اللہ یار کے چیف آفیسر سلیم خان ڈومکی کی ہدایت پر اسسٹنٹ بابو غلام سرور رند اور شفیع محمد کٹوہر کی نگرانی میں میونسپل عملے نے ہیوی مشینری اور سکر مشین کے ذریعے شہر کے مصروف ترین سڑکوں گلی محلوں سے بارش کا پانی نکاس کرکے آمدورفت بحال کر دی جبکہ دیگر علاقوں میں بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم شہید مراد کالونی میں رکن قومی اسمبلی کے فنڈز سے گلیوں میں ٹف ٹائل کے لیے کیا گیا ارتھ ورک بارش کی نذر ہوگیا شہید مراد کالونی کے مکین شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں