|

وقتِ اشاعت :   June 19 – 2021

کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ میر ظہوراحمد بلیدی نے کہا کہ آئندہ مالی سالی 2021-22کے بجٹ میں کوئٹہ میں میڈیا ٹائون کی تعمیر کے لئے 300ملین روپے رکھے گئے ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو آئندہ مالی سال کا بجٹ ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کا حکومت اور پریس کے مابین خوشگوار تعلقات کو فروغ دینے میں ہمیشہ سے کلیدی کردار رہا ہے۔

کورونا وائرس کی خطرناک صورتحال کے دوران پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے حکومتی اقدامات ، پالیسیوں کو اجاگر کرنے کے لئے محکمہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، خاص طور سے بروقت معلومات تک رسائی اور عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لئے محکمہ کے افسران و اہلکاران فرنٹ لائن پر دن رات کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال 2021-22میں بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں اب تک ریڈیو ذرائع اطلاعا ت کا اہم ذریعہ ہے صوبائی حکومت اس ذریعہ کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک نئے FM ریڈیو اسٹیشن کے قیام کے لئے 20ملین روپے مختص کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں صحت مند صحافت کے فروغ اور اس پیشے سے جڑے لوگوں کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں میڈیا اکیڈمی کے قیام، جرنلسٹ ویلفیئر فنڈ، ہاکرز ویلفیئر فنڈ ،جرنلسٹ ہائوسنگ اسکیم کے لئے زمین کی فراہمی اور مختلف پریس کلبز کو گرانٹس کی فراہمی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال 2021-22میں کوئٹہ میں میڈیا ٹائون کی تعمیر کے لئے 300ملین روپے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ نئے مالی سال 2021-22میں صوبے بھر میں چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ بشمول رکشہ کے ریکارڈ آٹومیشن پر منتقل کرنے کے لئے 20ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ فیز IIکے لئے 160 ملین روپے نئے مالی سال 2021-22 کے بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2021-22 میں اس شعبے کے ترقیاتی مد میں 2.656بلین روپے اور غیر ترقیاتی مد میں1.132 بلین روپے مختص کئے ہیں۔