|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2021

کراچی:بلوچ متحدہ محاذ کے جاری کردہ بیان میں لیاری کے عوام، سول سوسائٹی اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماﺅں اور کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہفتہ 26 جون کو شام پانچ بجے آٹھ چوک لیاری سے منشیات کے خلاف نکالی جانے والی ریلی میں بھرپور شرکت کرکے آنے والے نسلوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں، بیان میں کہا گیا ہے

کہ ایک مذموم سازش کہ تحت کراچی کے بلوچ علاقوں میں جاری منشیات کے مکروہ دھندے کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں منشیات فروش کھلے عام منشیات بھیجتے ہیں ان کو روکنے والا کوئی نہیں ہوتا جس کی وجہ سے ان کے اندر ڈر و خوف ختم ہوچکا ہے عام لوگ انھیں روکنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ دیدہ دلیری سے کہتے ہیں کہ جاﺅ رینجرز اور پولیس سے شکایت کر سکتے ہو تو کرو۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سرپرستی کی وجہ سے منشیات فروش طاقت ور ہوتے جارہے ہیں جس سے خدشہ ہے کہ بلوچ علاقوں میں دوبارہ گینگ وار شروع نہ ہو کیوں کہ منشیات کے کاروبار سے پہلے پیسہ اور اسلحہ آتا ہے اس کے بعد گینگز بننا شروع ہوتے ہیں بلوچ متحدہ محاذ نے بلوچ عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے ان سوداگروں کے خلاف اعلان جنگ کریں کیوں کہ یہ آپ کے بچوں کے مستقبل کو تاریک بنارہے ہیں ہمیں اپنے اندر خوف کو ختم کرکے ان کے خلاف مزاحمت شروع کرنا ہوگا بلوچ متحدہ محاذ نے منشیات فروش اور ان کے سرپرستوں کے خلاف جو تحریک شروع کی ہے اسے وسعت اور استحکام دینے کے لئیے بی ایم ایم میں شامل ہوجائیں تاکہ ہم متحد اور یکمشت ہوکر ان موت کے سوداگروں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔