|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2021

کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ اپوزیشن اراکین کیخلاف درج ایف آئی آر واپس لینے کے حوالے سے رولنگ دے دی ہے، امید ہے اپوزیشن اراکین کل کے اجلاس میں شریک ہوگی وزیراعلی بلوچستان سے جو اختلافات تھے وہ ختم ہوگئے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔اسپیکرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ اٹھارہ جو ن کو اسمبلی میں جو کچھ ہوا اس میں میرا کوئی رول نہیں تھااپوزیشن کو بھی یہ بات سمجھنا چاہیے کہ پاکستان میں کہیں بھی اپوزیشن اراکین کو بجٹ نہیں ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہ جون کو جب حکومتی اراکین اسمبلی میں آگئے تو میں نے اجلاس شروع کرادیا ۔اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا ۔

کہ آئندہ ہر اسمبلی اجلاس سے قبل ایک مشاورتی اجلاس ہوگا ہماری کوشش ہوگی آئندہ اسمبلی میں 18جون جیسا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔عبدالقدوس بزنجو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعلی بلوچستان سے جو اختلافات تھے وہ اب ختم ہوگئے اب اس پر بات کی ضرورت نہیں ہے ۔عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ 18جون کو جوکچھ وزیراعلی کے ساتھ ہوا وہ افسوسناک تھااللہ تعالی نے جام کمال کو عزت دی ہے تو ہمیں بھی عزت دینی چاہئے۔