|

وقتِ اشاعت :   July 4 – 2021

تربت:  کیل کور اوربالگتر کے ملحقہ دیہاتوں کے درجنوں مردوخواتین نے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ فورسز اگر ہمارے تحفظ کیلئے علاقہ میں تعینات کئے گئے ہیں تووہ ہم پربلاوجہ ظلم وجبر سے گریز کریں ہم غریب وبے بس لوگ ہیں .

آخرہم کہاں جائیں، نقل مکانی اور دیگر شہروں میں جاکر آبادہونے کیلئے ہمارے پاس وسائل نہیں، فورسز کی زیادتیوں سے ہم انتہائی تنگ اورپریشان ہیں، اتوار کے روز پریس کلب میں تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست کے ہمراہ کیل کور کے باشندوں رحمت، غلام جان، خالق داد، عیسیٰ، جان بی بی ودیگرنے کہاکہ ہمارا علاقہ انتہائی بدحال علاقہ ہے ہم مجبوری میں ان علاقوں میں آبادہیں کیونکہ ہمارے کھیت وچراگاہیں ان علاقوں میں ہیں جہاں سے ہم اپنا گزربسرکرتے ہیں.

مگر کچھ عرصے سے فورسز ہمیں تنگ کررہے ہیں کہ آپ سرمچاروں کو کھانا کھلاتے ہو جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے پاس خود کھانے کوکچھ نہیں، اللہ جانتاہے کہ ہمارا گزربسر کیسے ہورہاہے دوسری یہ کہ اگرکسی کے پاس اسلحہ ہوتووہ اسے کوئی غریب بے چارہ کیسے انکارکرسکتاہے جبکہ فورسز توہمارے محافظ ہیں وہ ہماری حفاظت کیلئے ہیں وہ ہمیں کیوں مارتے ہیں انہوں نے کہاکہ کچھ عرصہ قبل غریب شخص خالق دادکے بیٹے سمیت5افراد مارے گئے ہیں، 5عورتیں بیوہ ہوگئی ہیں، ہمارے2اونٹ بھی فائرکرکے مارے گئے ہیں اونٹوں کاکیا قصورہے، انہوں نے کہاکہ اگرکوئی غلطی کرتاہے تواسے پکڑے سزا دے مگر پوری آبادیوں کوپریشان وتنگ کرنا بند کیاجائے، ہمارا قصورکیاہے.

ہم پہاڑی لوگ ہیں ہم بھی پاکستان کے شہری ہیں مگر یہاں پر نہ انصاف ہے نہ قانون ہے اورنہ ہی خوف خداہے، انہوں نے کہاکہ کیل کور ضلع پنجگور کا سب سے بڑا اور دورافتادہ یونین کونسل ہے جو تحصیل گوارگو میں آتاہے، کیل کورکے علاقے بیرونٹ، سی توک، کشاری، کنڈگی، نورمگی،بیدری، لاٹی، سے پادگ، دمبی سمیت دیگر علاقوں کے مکین انتہائی پریشان ہیں، ہم اپنے نخلستانوں اورکھیتوں میں بھی نہیں جاسکتے، اپنے مال مویشیوں کو چرانے نہیں لے جاسکتے، سمجھ میں نہیں آتاکہ ہم کہاں جائیں کس سے فریادکریں آج ہم مجبوری میں یہاں آکر اپنی فریادکررہے ہیں ہماری فریاد متعلقہ حکام تک پہنچائی جائے کہ آخرہم غریب کہاں جائیں.

سرکار کوئی راستہ نکالے، کوئی ترتیب بنائے، ہم پر بلاوجہ ظلم وزیادتی بندکی جائے یاپھر سرکارہمیں کہیں اورمحفوظ جگہ پر لے جاکر آبادکرے انہوں نے اس امرپر افسوس کااظہارکیاکہ الیکشن کے وقت سیاسی پارٹیاں اور امیدوارہمارے پاس آتے ہیں مگر آج ہم مشکل اورتکلیف میں ہیں کوئی ہمیں پوچھتاتک نہیں، تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزاردوست نے کہاکہ کیل کورکے عوام بدحال اورپریشان ہیں لوگوں کوتنگ نہ کیاجائے عام لوگوں کو ہراساں کیاجارہاہے یہ لوگ بے چارے غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گزاررہے ہیں آج یہ لوگ اپنی بے بسی بیان کرنے اورفریاد کرنے آئے ہیں ان کی فریاد سنی جائے