|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2015

کوئٹہ : ایمرجنسی آپریشن سیل (ای او سی ) بلوچستان کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر سیف الرحمن نے تنبیہ کیا ہے کہ بلوچستان میں ان تمام اسکول اور مدارس سیل کرکے قانونی چارہ جوئی کی جائے گی جو بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار یا مہم کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ ڈالیں گے،کوئٹہ میں پولیو کے خلاف مہم آج منگل کو شروع ہورہی ہے ،انہوں پیر کے روز یو او سی میں بحیثیت کوآرڈینیٹرچارج سنبھالنے کے بعد سول سیکرٹریٹ میں پولیو مہم کی موجودہ صورتحال سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی ، انہوں نے اعلان کیا کہ یونین کونسل میڈیکل آفیسر ز (یو سی ایم او ز) کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اگر انہوں نے پولیو مہم کے متعلق جعلی یا بوگس معلومات فراہم کی کیونکہ اسے دوبارہ چیک کیا جائے گا، اجلاس میں ڈبلیو ایچ او، یونیسف اورپولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے دیگر عالمی اداروں کے بلوچستان میں نمائندے موجود تھے ، ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ صوبے کے تمام اسکول، مدارس اور بچوں کے دیگر تعلیمی ادارے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے پابند رہیں گے اور آنے والی پولیو ٹیم سے مہم کے دوران بھر پور تعاون کریں ، انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ان تمام اسکولوں اور مدارس کی انتظامیہ کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے اگر انہوں نے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا ، انکا کہنا ہے کہ پولیو کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کیئے جائیں گے اورآخری انکاری بچے تک بھر پور طریقے سے پولیو کے خلاف مہم چلائی جائے گی ، سیف الرحمن کا کہنا ہے کہ تمام یو سی ایم اوز پولیو کے خلاف مہم کے دوران اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں کیونکہ پاکستان میں پولیو کے خلاف ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ملک سے پولیو وائرس کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا ئے جا رہے ہیں اس ضمن میں یو سی ایم اوز کی جانب سے غفلت یا غلط بیانی پر انکے خلاف حکومت کو دھوکہ دہی کے جرم میں مقدمات درج کیے جائیں گے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ، سیف الرحمن کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس سے تقریبادنیا کے تمام ممالک چھٹکارا پا چکے ہیں اور پاکستان کیلئے یہ شرمندگی کا باعث بن رہی ہے ، حکومت نے تہیہ کر رکھا ہے کہ پولیو کو جھڑ سے اکھاڑ نے تک چین کی سانس نہیں لیں گے ۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پولیو کے خلاف مہم آج شروع ہورہی ہے ، قومی مہم کے دوران 18یونین کونسلز میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔اس ضمن میں تمام انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل کوئٹہ میں سیکورٹی کی عدم دستیابی کے باعث پولیو کے خلاف مہم موخر کردی گئی تھی۔