تربت: نیشنل پارٹی کیچ کے ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کرونا وباء کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع میں تمام تنظیمی و سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے اور ضلعی سیکرٹریٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل پارٹی کیچ کے ترجمان کے مطابق کیچ میں کرونا سے متاثر مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
اس صورت حال کے پیش نظر نیشنل پارٹی کیچ نے فیصلہ کیا کہ دو ہفتہ تک نیشنل پارٹی کیچ کی تمام تنظیمی و سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گے اور اس دوران ضلعی سیکرٹریٹ بھی بند رہے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ شہید میر مولابخش دشتی کی برسی پر تعزیتی ریفرنس اور ضلعی کونسل کے اجلاس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ نیشنل پارٹی کیچ کے ترجمان نے پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کرونا وباء سے بچاؤ کے لئے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔