|

وقتِ اشاعت :   July 10 – 2021

کوئٹہ: صوبائی وزیر ریونیو میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بلوچستان کے تینوں کینالز میں صوبے کے حصے کا پانی فراہم نہیں کر رہی جس سے صوبے کا زراعت تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے ، ہم نے اس معاملے کو صوبائی کابینہ کے ذریعے بھی اٹھایا مگر سند ھ حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ہم بھی حب ڈیم سے کراچی کا پانی بند کرسکتے ہیں۔

مگر یہ طریقہ مناسب نہیں ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں عوامی نقطے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی، انہوںنے کہا کہ نصیر آباد ڈویژن کو اس کے حصے کا پانی فراہم نہ کرکے سندھ حکومت زیادتی کررہی ہے وفاق سند ھ حکومت کو پابند کرے کہ وہ بلوچستان کو اس کے حصے کا پورا پانی فراہم کرے اور ارسا معاہدے کی پابندی یقینی بنائی جائے۔

اس وقت بلوچستان کے تینوں کینالز میں صوبے کے کوٹے کے مطابق پانی نہیں آرہا بیس لاکھ افراد کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے ہم نے اس معاملے کو صوبائی کابینہ کے ذریعے بھی اٹھایا مگر سند ھ حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ہم بھی حب ڈیم سے کراچی کا پانی بند کرسکتے ہیں مگر یہ طریقہ مناسب نہیں پچاس ڈگری سینٹی گریڈ کی شدید گرمی میں نصیرآباد ڈویژن میں اٹھارہ سے بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے کیسکو ذمہ داران کو متعددمرتبہ ایوان میں بلایا گیا مگر یہ مسئلہ جوں کا توں ہے انہوںنے چیئر مین سے استدعا کی کہ وہ اس حوالے سے رولنگ دیں ۔