گوادر: صوبائی حکومت نے ضلع گوادر میں تعلیم، صحت اور اسپورٹس کے شعبہ سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے غیر معمولی اقدامات بروئے کار لائے ہیں۔ گوادر ایران ٹو ففٹی بارڈر پر بارڈر ٹریڈ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گوادر میں پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کا آغاز کیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء اور صدر چیمبر آف کامرس گوادر میر نوید کلمتی نے گوادر پریس کے پروگرام حال احوال سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت وزیر اعلی بلوچستان کی خصوصی کاوشوں سے ضلع گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھارہی ہے جس کے تحت تعلیم، صحت اور اسپورٹس کے شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ضلع کے ہر تحصیل میں بوائیز اور گرلز کالج قائم کئے جارہے ہیں گوادر، اورماڑہ، پسنی اور جیونی میں نئے کالجز بنائے جارہے ہیں اور جو کالجز پہلے تعمیر کئے گئے تھے ان کو مزید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ پر بھی غیر معمولی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ڈی ایچ کیو گوادر کی نئی عمارت تعمیر کی جارہی ہے جس کا 70 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے جہاں ایک ڈیلاسائیسز سنٹر بھی قائم کیا جارہا ہے توقع ہے رواں برس میں یہ عمارت مکمل ہوجائے گی۔ پسنی، جیونی اور اورماڑہ کے مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ وہاں پر کروڑوں روپے کی لاگت سے طبی سہولیات کی فراہمی کو بھی ممکن بنایا جارہا ہے۔ انہوں نیکہاکہ گوادر میں پانی کے بحران پر بھی صوبائی حکومت کا بھر پور انہماک ہے۔ سوڈ ڈیم کی کنیکٹوٹی موجودہ حکومت نے ممکن بنائی ہے، شادی کور ڈیم کو بھی گوادر سے منسلک کرنے کے اقدامات میں تیزی لائی گئی ہے۔
گوادر پورٹ کے پلانٹ سے گوادر شہر کے ایک حصے کو پانی کی سپلائی شروع ہوچکی ہے۔ ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے شے زنک ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے۔ شنزانی ڈیم پر پچاس فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ شنزانی ڈیم سے بھی گوادر اور دیہی علاقوں کو پانی کی فراہمی ممکن ہوجائے گی۔ آئندہ دشت مجو ڈیم کا منصوبہ بھی زیر تجویز ہے کوشش کرینگے کہ اگلے سال کے بجٹ میں اسے شامل کیا جائے۔
جیونی میں آبنوشی کے مسائل کم کرنے کے لئے آٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے پائپ لائن کا منصوبہ شامل ہے جسے آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گ ضلع گوادر میں اسپورٹس کے فروغ اور سڑکوں کی تعمیر میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ 73 کروڑ روپے کی لاگت سے دیہی اور شہری علاقوں میں مختلف نوعیت کے روڑ تعمیر کئے گئے ہیں۔ گوادر شہر میں موومنٹ کے ایریا میں جدید طرز کا اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جارہا ہے۔