کوئٹہ: سینٹرل جیل مچھ میں قید سزائے موت کے پانچ قیدیوں کو پھانسی دینے کیلئے تاریخیں مقرر کردی گئیں۔ پانچوں قیدیوں کو اپریل کے پہلے ہفتے میں تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا۔ سینٹرل جیل مچھ حکام کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے اپیلیں مسترد ہونے کے بعد پانچوں قیدیوں کو پھانسی دینے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ قیدیوں کے بلیک وارنٹ گززشتہ روز مچھ جیل حکام کو موصول ہو گے تھے۔ علی گل اور اس کے بھائی میرو کو 9 اپریل کو پھانسی دی جائے گی۔ دونوں بھائیوں کو انسداد دہشتگردی سبی کی عدالت نے 2004 میں دہشتگردی کے مقدمے میں سزائے موت سنائی تھی۔ جبکہ قتل کے مقدمے میں سزا پانے والے محمد اسماعیل اور زمان کو 7 اپریل کو پھانسی دی جائے گی۔ ملزم محمد زمان ولد جعفر خان نے سولہ ستمبر انیس چورانے کو جعفرآباد کے علاقے گوٹھ منظوراحمد جمالی میں نصیبہ زوجہ گل حسن اور سکندر علی پیچوہا کو سیاہ کاری کے الزام میں فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ جبکہ ملزم محمد اسماعیل نے گیارہ نو دو ہزار کو سیاہ کاری کے الزام میں نادر حسین اور لال خاتون کو قتل کیا تھا۔ سزائے موت کے ایک اور قیدی میر حمزہ کو 8 اپریل کوتختہ دارپرلٹکایاجائے گا۔ میر حمزہ کو قتل کے مقدمے میں 2004 میں سیشن جج مچھ نے سزائے موت سنائی تھی۔ بلوچستان میں آخری بار 1997 ء میں کسی قیدی کو تختہ دار پر لٹکایا گیا تھا۔ جیل حکام کے مطابق بلوچستان میں سزائے موت کے 97 قیدی ہیں۔ رحم کی اپیل کرنے والے 14 میں سے پانچ قیدیوں کی اپیل صدر مملکت نے مسترد کردی تھی۔ جبکہ سزائے موت کے منتظر صولت مرزا کی پھانسی پر عمل درآمد صدارتی حکم پر مزید 30 دنوں کیلئے مؤخر کر دیا گیا۔