تربت: خصوصی مشیر برائے وومن ڈویلپمنٹ وزیر اعلٰی بلوچستان میڈم ماہ جبین شیران نے وزیر اعلٰی بلوچستان جام کمال خان عالیانی کی ہدایت پر گزشتہ روز تربت میں سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے تحت شہر میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور منصوبوں سے متعلق بریفنگ لے کر کام تیز کرنے اور تمام منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین کے ہمراہ سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کی فیز II میں شامل تمام ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور کام کی رفتار سمیت معیار کا بھی جائزہ لیا اور ان پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر سے تمام منصوبے وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی، اس دوران انہیں تمام زیر تکمیل منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، اسکیمات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے ماہ جبین شیران نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا صوبہ بھر میں جاری اسکیمات پر گہری نظر ہے اور وہ خصوصاً ضلع کیچ کی ترقی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تربت سٹی ڈویلپمنٹ میں شامل اسکیمات کی بروقت تکمیل اور کام کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلی بلوچستان نے مجھے خصوصی طور پر تربت بھیجا ہے تاکہ شہر کی ترقی اور لوگوں کی سہولیات کے لیے جاری منصوبوں کا معائنہ کرکے وزیر اعلی کو رپورٹ پیش کروں، میڈم ماہ جبین شیران نے کہا کہ کمشنر مکران بطور پروجیکٹ ڈائریکٹر منصوبوں کی بہتر انداز میں نگرانی کررہے ہیں مجھے یقین ہے کہ تمام منصوبے عوامی مفاد پر مقررہ مدت میں پائیہ تکمیل تک پہنچ پائیں گے، سٹی پروجیکٹ مکمل ہونے کی صورت میں تربت شہر کا ایک الگ نقشہ سامنے آئے گا، شہر کی خوب صورتی نکھر کر سامنے آنے کے ساتھ ساتھ عوام کو کئی حوالوں سے مختلف سہولتوں کی فراہمی ہوجائے گی۔